پاکستان اور بھارت کے درمیان

پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات، سہولیات اور قیدیوں کی فہرستوں کا سالانہ تبادلہ ہوا ہے۔
ویب ڈیسک: ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں جوہری تنصیبات کی فہرست آج بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی ہے، دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے بھی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو جوہری تنصیبات کی فہرست دی ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت ہرسال یکم جنوری کو جوہری تنصیبات کی فہرست حوالے کرتے ہیں، جوہری تنصیبات کی فہرستوں کے تبادلے کا سلسلہ یکم جنوری1992 سے جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بھارت نے جوہری تنصیبات کے خلاف حملوں کی ممانعت کے معاہدے پر 1988 میں دستخط کیے، پاکستان اور بھارت میں معاہدہ ہے کہ دونوں ممالک جوہری تنصیبات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ بھی 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا ہے ، معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کو پاکستان میں زیر حراست 705 بھارتی قیدیوں کی فہرست دی گئی، بھارتی قیدیوں میں 51 شہری اور 654 ماہی گیر شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو 434 پاکستانی قیدیوں کی فہرست دی، بھارت میں قید 339 پاکستانی شہری اور 95 ماہی گیر شامل ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ بھارت کو اپنے 51 سویلین اور 94 ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کی درخواست کی ہے، بھارت میں بیشتر پاکستانی قیدی اپنی متعلقہ سزا مکمل کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان کی 14رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا