سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری سے روک دیا

سندھ ہائی کورٹ نے قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے سے متعلق درخواست پر پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری سے روکتے ہوئے آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹسز جاری کردیئے۔
ویب ڈیسک: سندھ ہائی کورٹ میں شہباز گل کے خلاف قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران شہباز گل کے وکلا کا کہنا تھا کہ سندھ میں درج مقدمات کالعدم قرار دینے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جب تک درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا، پولیس کو شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
شبہاز گل کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، عدالت نے پولیس اور پراسیکیوشن سے شہباز گل کے خلاف کراچی میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی ہیں، میرے بیان سے متعلق مقدمہ لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہو چکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں کہا کہ صغرا بائی کیس کی روشنی میں ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے لہذا کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے درخواست فوری منظور کرتے ہوئے پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری سے روکتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کو کراچی میں درج تین مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے آئی جی سندھ و دیگر کو 12 جنوری کے لیے نوٹسز جاری کردیے گئے۔

مزید پڑھیں:  لیڈی پولیس اہلکار سپر ہیومن ہیں، ان کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں، مریم نواز