قومی سلامتی کمیٹی اجلاس

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس، دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کی منظوری

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس نے ایک بار پھر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم کیا ساتھ ہی انسداد دہشت گردی کے لیے مختلف فیصلوں کی منظوری بھی دی ہے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی کابینہ کے ارکان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تمام سروسز چیفس اور انٹیلی جنس سروسز کے سربراہان نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا، اس موقع پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر غور ہوا، وزیر خزانہ نے فورم کو حکومت کے معاشی استحکام کے روڈ میپ کے متعلق بتایا۔
اجلاس میں معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے، درآمدات کو بہتر بنانے، کرنسی کی غیر قانونی نقل و حمل اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار کو روکنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جامع قومی سلامتی معاشی سلامتی کے گرد گھومتی ہے، معاشی آزادی کے بغیر خود مختاری دباؤ میں رہتی ہے، اقتصادی بحالی کا روڈ میپ تیار کیا جائے گا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستان میں دہشت گردی کیلئے زیرو ٹالرنس اپنانے، تشدد کا سہارا لینے والے کسی بھی اور تمام اداروں کے خلاف کارروائی کرنے، تخریب کار عناصر سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹنے پر اتفاق بھی کیا،
پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ پر ریاست کی مکمل رٹ برقرار رکھی جائے گی، دہشت گردی کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کے مطابق عمل کریں گی۔

مزید پڑھیں:  بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے آئی ایم ایف کی تجاویز سامنے آگئیں