پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے ناصرخان موسیٰ زئی کے گھر پر دستی بم حملہ

پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے والے رکن قومی اسمبلی ناصرخان موسیٰ زئی کے گھر پر نامعلوم ملزمان نے دستی پھینک دیا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ انقلاب کی حدود میں پاکستان تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے رکن قومی اسمبلی ناصرخان موسیٰ زئی کے حجرے پر نامعلوم ملزمان نے ہینڈ گرنیڈ پھینک دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئی، بی ڈی یو نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھا کرکے بی ڈی یو نے ہینڈ گرنیڈ کی تصدیق کردی ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حجرے کے شیشے ٹوٹ گئے اور دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اصل حقائق معلوم کرنے کی خاطر اہم شواہد کی روشنی میں مختلف زاویوں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس نے قریبی علاقہ کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی میں کھلی کچہری، سرکاری محکموں کیخلاف شکایات کے ڈھیر