اسلحہ کی فراوانی جرائم بڑھنے کی بڑی وجہ،1سال میں492افرادقتل

ویب ڈیسک :معاشرے میں عدم مساوات،عدم برداشت ،جزاء وسزاکاعمل سست اوراسلحہ کی فراوانی کے باعث جرائم خصوصاً قتل وغارت کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، سال 2022کے دوران زر، زن اورزمین کے تنازعات پر492افراد قتل اور 764زخمی ہوئے۔ 2022میں ہونے والے واقعات کے اعدادوشمار کے مطابق63افراد کو سابقہ دشمنی،63افرادکولڑائی جھگڑوں،30افراد کو معمولی تکرار،45افرادکوغیرت کے نام پرقتل کیاگیا جبکہ جائیداد تنازعات پر28افراد،لین دین کے تنازعات پر26 افراد اوربچوں کی لڑائی پر11افراد کوموت کے گھاٹ اتاراگیا۔ جرائم میں قتل سب سے سنگین جرم سمجھا جاتا ہے
قتل کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام پولیس کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے پولیس کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نشے کا استعمال، عدم برداشت، بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ماہرین نفسیات کے مطابق قتل کی بڑھتی وارداتوں کی وجوہات میں سوشل میڈیا پربڑھتا تشدد،ماردھاڑاورجرائم سے بھرپورفلمیںاورمنشیات کا استعمال شامل ہے۔بچوں پرسوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے مناسب چیک اینڈ بیلنس کا نہ ہونا صورتحال کو مزید سنگین بھی بنا سکتا ہے اور اس حوالے سے والدین کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانا پڑیں گی اور بچوں پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں‌بارشوں کے باعث پاکستانی قونصل خانہ بند ، اعلامیہ جاری