تاجر برادری کی توانائی بچت فارمولے پر تعاون کی یقین دہانی

ویب ڈیسک : گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت جو مشکل ترین صورتحال ہے اس سے نکلنے کیلئے ہر ایک شعبے اور طبقے کو تعاون اور قربانی دینا ہوگی ، ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا مقابلے کیلئے ہماری بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری سب سے آگے رہی ، وفاقی حکومت کے توانائی بچت فارمولے پر خیبر پختونخوا اور پشاور کے تاجر رہنماوں اور چیمبرز عہدیداروں کے تعاون کے اعلان اور تجاویز دونوں پر ان کا مشکور ہوں ، آٹا بحران اور ہوشربا قیمتوں بارے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراء اعلیٰ سے رابطہ کرونگا
میری پوری کوشش ہے کہ خیبر پختونخوا اور پشاور کے عوام کو کھانے پینے کی بنیادی اشیا مناسب قیمت پر میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر حاجی غلام علی نے گزشتہ روز گورنر ہائوس میں طلب کردہ صوبے کی تاجر برادری اور بزنس کمیونٹی کے ایک اہم ترین اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبے اور صوبائی دارلحکومت پشاور کے سینئر تاجر و بزنس رہنمائوں ، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق ، پشاور چیمبر ، تنظیم تاجران ، مرکزی تنظیم تاجران خیبر پختونخوا، ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا کے سابق اور موجودہ عہدیدار ،قیمتی پتھروں کی مرکزی تنظیم ایپثیا عہدیدار اور دیگر شریک تھے۔
گورنر حاجی غلام علی نے اجلاس کے شرکاء سے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں توانائی بچت فارمولے پر عمل درآمد بارے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ماضی بعید اور ماضی قریب میں بھی مشکل وقت آئے لیکن جیسے پہلے صوبہ خیبر پختونخوا اور پشاور شہر کی تاجر برادری و بزنس کمیونٹی نے تاریخی قربانیاں دیں اسی طرح انہیں پورا یقین ہے کہ موجودہ صورتحال میں بھی آپ سب وفاقی حکومت کے اس ویژن کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون کرتے ہوئے بازاروں کے اوقات کار بارے اتفاق و اتحاد سے ساتھ دینے کا کردار ادا کرینگے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ بھر کی نمائندگی کرنے والے تاجروں و بزنس کمیونٹی کے سینیئر رہنمائوں اور چیمبرز کے عہدیداروں نے گورنر پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں:  پاک ایران صدور ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تشویش کااظہار