پختونخوامیں زعفران، زیتون کی پیداوارکیلئے سعودی سفارتخانہ میں اجلاس

ویب ڈیسک :سعودی رائل سفارتخانہ میں زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں زعفران، زیتون اور بیر کے شہد کے فروغ حوالے سے تجاویزپیش کی گئیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار,ڈی جی زراعت توسیع جان محمد, ڈی جی جی زراعت تحقیق عبدالباری ،ڈی جی زراعت توسیع ضم اضلاع مرادعلی، ماہرین زراعت احمد سید، محمد یونس اورعاقل شاہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کمرشل اتاشی اور دوسرے عہدے داران کو تفصیلی طور پرآگاہ کرتے ہوئے زراعت اورخاص کر زعفران، زیتون اور بیر شہد سے متعلق صوبے میں پیداواری صلاحیت سے آگاہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار نے شرکاء اجلاس کو زراعت کے شعبہ سے متعلق تفصیل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زعفران دو سال پہلے تجرباتی طور پر کاشت کی گئی جس سے کافی حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے ہیں جن کی بنیاد پر صوبائی حکومت نے زعفران کی ترقی وفروغ کے لئے ایک خاص منصوبہ کی بھی منظور دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ کی ایک لاکھ ایکڑ سے زیادہ زمین زعفران کے لئے موزوں ہے اس اراضی کو زیر کاشت لایا جائے تو زعفران اور اس کے بیج سے سالانہ 870 بلین روپے کی آمدن ہوسکتی ہے اور یہ سعودی سرمایہ کاروں کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ دوسرے ملکوں کی نسبت یہاں سے کم قیمت پر زعفران سعودی عرب درآمد کر سکتے ہیں۔ سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ صوبہ میں 70 ملین جنگلی زیتون موجود ہے اگر موزوں زمینوں پر باغات کی کاشت اور جنگلی زیتون پر کام کیا جائے تو سالانہ اربوں رپے کی آمدن حاصل ہوسکتی ہے
زمینداروں کی سہولت کے لیے تیل نکالنے والے مشینیں بھی لگائی گئی ہیں۔ شہد سے متعلق سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ صوبے میں شہد کی 12000 ٹن پیداوارہے جس میں سے 600 ٹن بیر کے شہد کی پیدا ہوتی ہے اس میں 200 ٹن بیرو ن ملک 70فیصدسعودی عرب اور باقی امارات، کویت،قطر،دبئی اور جاپان وغیرہ کو برآمد ہوتی ہے اگر شہد کی مد میں سرمایہ کاری کی جائے تو تو تین، چار سالوں میں بارہ ہزار ٹن پیداوار بڑھ سکتی ہے۔ سیکرٹری زراعت نے سرمایہ کاری کا قلیل اور طویل مدتی پلان بھی پیش کیا جس کو بہت سراہا گیا۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ ہوا کہ زیتون کے نمونے سعودی عرب کے سفارتخانے بھیجے جائیں گے اور آئندہ مارچ،اپریل میں متوقع زیتون کی نمائش میں یہ سارے نمونے نمائش کے لئے پیش کئے جائیں گے اور ان مقاصد کے لئے جلد سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا

مزید پڑھیں:  اسرائیلی شہریوں کے اردن کے شاہ عبداللہ کیلئے پیاربھرے پیغامات