پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی سے 186 اراکین کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا، ووٹنگ کی کارروائی کے دوران متحدہ اپوزیشن نے بائیکاٹ کر کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر سبطین خان کی زیر صدارت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا، سپیکر نے اراکین کو ایوان میں بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائیں اور پھر اجلاس 12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کیا اور پھر اجلاس شروع کیا۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے ووٹنگ سے متعلق ارکان کو طریقہ کار بتایا جس کے بعد حکومتی ارکان میں لابی میں جا کر اعتماد کا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ اپوزیشن اراکین اجلاس کا واک آؤٹ کر کے ایوان سے باہر چلے گئے۔
اس موقع پر سپیکر سبطین خان نے کہا کہ رولز کے مطابق ایوان کی کارروائی چلا رہا ہوں، کسی کوبھی اندرآنے کی اجازت نہ دی جائے، جو پرویزالہٰی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں وہ ارکان لابی میں چلے جائیں.
ووٹنگ میں اتحادی حکومت کے 186 اراکین نے پرویز الہیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے اور کے بعد گنتی ہوئی اور سپیکر نے چوہدری پرویز الہیٰ کی کامیابی کا اعلان کیا۔
اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ن لیگ والو نے پچھلے ایک ماہ سے شور کیا ہوا تھا، اب ن لیگ صرف رائے ونڈ کی جماعت رہ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ن لیگ کو صحیح طور پر سرپرائز ملا ہے ان کو اندازہ بھی نہیں تھا آج کیا ہونا ہے، کئی روز سے ماڈل ٹاؤن کے لیڈر نے ان کو ساتھ ملایا ہوا تھا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، مزید 7041 غیر قانونی مقیم افغانی لوٹ گئے، تعداد 5 لاکھ سے متجاوز