ڈیرہ،ٹانک،ہری پورسے اہم سیاسی شخصیات تحریک انصاف میں شامل

ویب ڈیسک :وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے جو اس وقت ہی ملک میں موجود کرپٹ مافیا کا مقابلہ کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بری طرح خوفزدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کرانے سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عملی طور پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ تحریک انصاف ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے حقوق اور مفاد کے تحفظ کے لیے ڈٹ کر کھڑی  ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ٹانک، ضلع ہری پور اور ضلع ڈی آئی خان سے مختلف شمولیتی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی قیادت میں ڈی آئی خان اور ٹانک سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنان کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔نئے شامل ہونے والوں میںڈی آئی خا ن سے رکن صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبرجبکہ ضلع ٹانک سے اے این پی کے سابق اُمیدوار برائے صوبائی اسمبلی غلام قادر خان بیٹنی،اے این پی کے معروف سیاسی رہنما ملک گلستان بیٹنی، حاجی شمال بیٹنی اور آزاد اُمیدوار برائے تحصیل میئر جنڈولہ حاجی محمد اسلم بیٹنی شامل تھے۔
اسی طرح تحصیل غازی ضلع ہری پور سے حاجی محمد رحمن عرف جہازوں والا گروپ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حاجی محمد رحمن کی قیادت میں نئے آنے والے ساتھیوں میں شاہد اقبال، حیام اسلام،ملک خالد، چوہدری اشفاق، اللہ یار، حاجی حبیب اللہ، ساجد محمود، حمزہ رحمان، خادم شاہ اور تیمور خان شامل تھے۔پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک اور سابقہ وفاقی وزیر عمر ایوب کے علاوہ یوسف ایوب، گوہر ایوب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  امریکی منصوبوں کے ذریعے لاکھوں پاکستانی بجلی استعمال کر رہے ہیں، ملر