آٹا بحران کے خلاف مظاہرے

پختونخوا میں مہنگائی اور آٹا بحران کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے

ویب ڈیسک : خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیاسی جماعتوں اور تاجروں نے ہوش ربا مہنگائی اور آٹا بحران کے خلاف مظاہرے کئے اور وفاقی و خیبرپختونخوا حکومتوں کو موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیا گیا، کرک میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام ضلعی صدر شاہنواز خٹک کے قیادت میں تحصیل چوک سے صدام چوک تک ریلی نکالی اور صدام چوک میں سینکڑوں ورکروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے ذخیرہ اندوزی کر کے جان بوجھ کر مہنگائی پیدا کی جو سراسر ظلم و ناانصافی ہے
اے این پی کوہاٹ کے زیر اہتمام بھی شدید بارش کے باوجود مظاہرہ کیا گیا، اس دوران ڈاکٹر صفدر، سید کاشف شاہ، راہب نور، مسعود ایڈووکیٹ، عثمان خٹک، ڈاکٹر اشتیاق اور ہمایون ایڈووکیٹ نے لاکھوں ٹن گندم افغانستان سمگل ہونے اور دیگر گوداموں میں ذخیرہ کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، لوند خوڑ میں بھی مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام اے این پی رہنمائوں کی قیادت میں سڑکوں پر نکل آئے، ریلی کی قیادت اے این پی ضلع مردان کے سیکرٹری اطلاعات جمال ناصر کر رہے تھے
مشتعل مظاہرین نے صوبائی اور مرکزی حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی، جمال ناصر، فضل ربانی اور دیگر نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں استحکام پر نہ لائی گئیں تو پورے صوبے احتجاجی جلسے شروع کئے جائیں گے، ضلع صوابی میں مختلف سیاسی پارٹیوں نے مہنگائی اور آٹا بحران کے خلاف صوابی اور ٹوپی میں الگ الگ مظاہرے کئے، اس سلسلے میں اے این پی کے زیر اہتمام امن چوک میں مظاہرہ ہوا جس سے ضلعی سینئر نائب صدر حاجی غلام حقانی اوردیگر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، دریں اثناء ٹوپی میں عوامی ورکرز پارٹی کے زیر اہتمام ضلعی صدر خانزادہ کی قیادت میں مظاہرہ ہوا مظاہرین کا کنہا تھا آٹا بحران اور تمام مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومتیں ہے، گندم کی ہزاروں بوریاں ذخیرہ کر کے قلت پیدا کی گئی جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخوا پر آٹے کی تر سیل بند کر دی ہے ہے
اے این پی ٹانک کے زیراہتمام مظاہرہ کی قیادت ضلعی صدر فضل کریم تتور نے کی اور کہا کہ چہیتوں کو نوازنے کے لئے صوبے میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی ملاکنڈ نے بٹ خیلہ میں آٹا کی مصنوعی قلت اور مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا ہے، مظاہرین نے ضلعی صدر اعجاز خان کی قیادت میں ریلی بھی نکالی، مشتعل مظاہرین نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو غریب عوام بھوک مٹانے کیلئے گندم کے گوداموں اور آٹا کی دکانوں پر حملہ کردیں گے، تیمرگرہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بلامبٹ سے بارش کے باوجود گورگوری چوک تک احتجاجی جلوس نکالا گیا، جماعت اسلامی کے رہنماء اعزاز الملک افکاری اور دیگر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم گٹھ جوڑ نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، دریں اثناء مرکزی انجمن تاجران تحصیل تخت بھائی کے زیر اہتمام ملک میں مہنگائی اور آٹے کے شدید بحران کے خلاف آج بروز جمعرات احتجاجی دھرنا دیا جائے گا
تنظیم کے صدر حاجی معزاللہ نے تخت بھائی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام بھوک کے ہاتھوں خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں تاہم حکمران صرف حکومتیں بچانے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آج احتجاج کیا جائے گا، آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر ملک فہیم خان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ شدید سردی اور بارش میں مظاہرے اور احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈراز کا اعلان