اسلامیہ کالج کے طلبہ

پولیس اوراسلامیہ کالج کے طلبہ گتھم گتھا،گالم گلوچ

ویب ڈیسک : روڈ بندش پر اسلامیہ کالج پشاور کے طالب علم اور پولیس اہلکار آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اور ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے گالم گلوچ بھی کی۔ پولیس کی جانب سے طالب علموں کو زدوکوب کرتے ہوئے ان کو لاتیں مارنے اور دھمکیوں کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس کے خلاف طلباء سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے موقف اپنایا ہے کہ ان طلباء نے یونیفارم و قواعد ضوابط ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ اسلامیہ کالج یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسلامیہ کالج کے بعض طلباء خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے قریب یونیورسٹی روڈ پر احتجاج کر رہے تھے۔ اس دوران روڈ کھولنے کیلئے آنے والے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ان کا جھگڑا ہوگیا ۔
پولیس نے چند طالب علموں کو گرفتار کرکے پولیس وین میں ڈالا ۔ بعد میں واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی جس میں پولیس اہلکاروں اور گرفتار طالب علموں کے درمیان تلخ کلامی کو دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران ایک طالب علم موبائل پر ویڈیو بنانے لگتا ہے تو پولیس اہلکار اس سے موبائل فون لینے کی کوشش کرتا ہے ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی جانب سے گالی اور دھکے دینے کے علاوہ ایک طالبعلم کو لات بھی ماری گئی ۔
اسلامیہ کالج پشاور کی طلبہ تنظیموں نے واقعہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اہلکاروں کو برطرف کرنے سمیت تعلیمی اداروں کے اندر قائم چیک پوسٹیں ختم کرنے کامطالبہ کیا۔ واقعہ سے متعلق یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ چند طالب علم یونیفارم اورقواعد ضوابط پر عمل درآمد سے انکاری ہیں اور یہ دوسرے طلبا کو بھی ورغلا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے خیبرٹیچنگ ہسپتال کے قریب روڈ بندش پر مداخلت کی اور انہیں گرفتار کیا۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، پنڈی روڈ پر فائرنگ سے دو افراد زخمی