باڑہ بچے کی لاش

باڑہ، بچے کی لاش نکالنے میں ناکامی، کنواں قبر قرار دے کر بند

ویب ڈیسک : دوروز کی کوششوں میں ناکامی کے بعد تین سالہ بچے کی لاش کیلئے80 میٹر گہرے اور ایک فٹ چوڑے بورنگ کے کنویں کو قبر قرار دے کر بند کردیا گیا۔ کم سن یحییٰ کے ساتھ حادثہ گزشتہ روز ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے عالم گودر میں پیش آیا تھا جہاں تین سالہ یحییٰ ولد مصطفیٰ جو اپنے نابینا والد کے ساتھ کھیتوں کی طرف گیا تھا اور وہاں بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اس دوران بورنگ کے متروک کنویں میں جا گرا، بچے کو کنویں سے نکالنے کیلئے دو روز تک آپریشن کیا گیا تاہم زیادہ گہرائی اور کم چوڑائی کی وجہ سے یہ کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں
جس کے بعد متاثرہ خاندان نے اس کنویں کو قبر قرار دے کر بند کر دیا بتایا گیا ہے کہ بچے کو نکالنے کیلئے منگل کے روز ریسکیو اہلکاروں نے کافی کوششیں کیں لیکن بچے کو اس کنویں میں سے نہیں نکالا جا سکا تاہم کیمرے کے ذریعے بچے کی لاش کنویں میں موجود ہونے کی نشاندہی کی گئی جس کے بعد جنازہ پڑھایا گیا اور اسی کنویں کو قبر ڈکلیئر کرتے ہوئے اس کو بند کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غمزدہ باپ کو پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا گیا جبکہ کمانڈنٹ باڑہ رائفل نے دو لاکھ اور متعلقہ ایم این اے اور ایم پی اے کی جانب سے تین لاکھ روپے کی امداد کی گئی۔

مزید پڑھیں:  غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 200 دن مکمل، 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید