خواتین کی تعلیم پرپابندی کاردعمل،آسٹریلیاافغانستان کرکٹ سیریزمنسوخ

ویب ڈیسک :آسٹریلیا نے طالبان کی جانب سے خواتین کے حقوق کے خلاف کیے گئے اقدامات کو جواز بناتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف آئندہ ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔آسٹریلین مینز ٹیم کو آئندہ ماہ افغان کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان یہ طے شدہ سیریز آئی سی سی سپر لیگ کا حصہ ہے جو آسٹریلین ٹیم کے دورہ بھارت کے بعد مارچ میں ہونی تھی۔
لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یہ سیریز اب نہیں ہوگی۔جاری بیان میں کہا گیا کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم، ان پر روزگار کے مواقعوں کی بندش اور ان کے تفریحی مقامات اور جم جانے سے متعلق عائد مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا۔آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کہا کہ وہ افغانستان سمیت دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے حکومت کی جانب فیصلے کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا ہم افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے بہتر حالات کی امید کے ساتھ افغان کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطہ برقرار رکھیں گے۔
آسٹریلیا اس سیریز سے دست بردار ہونے کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کے لیے درکار قیمتی 30 مسابقتی پوائنٹس سے محروم ہوجائے گا لیکن اس سے اس کی ورلڈ کپ میں شمولیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا جب کہ وہ اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے 50 اوور کے میگا ٹورنامنٹ کے لئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔طالبان نے 2021 کے وسط میں ملک میں حکومت سنبھالنے کے بعد فوری طور پر کھیلوں میں خواتین کی شرکت پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔بعد ازاں طالبان حکمرانوں نے کم عمر لڑکیوں کو ثانوی اسکولوں میں جانے سے بھی روک دیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ اسی طرح کا ایک اور سخت اقدام کرتے ہوئے خواتین کے یونیورسٹیوں میں جانے پر پابندی لگا دی تھی
افغان حکومت کے اس اقدام پر عالمی سطح پر غم و غصے کی لہر دوڑا دی دوسری جانب فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے افغانستان کے کرکٹر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں افغان کرکٹر نوین الحق نے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ کہنے کا وقت آگیا ہے کہ بگ بیش لیگ میں حصہ نہیں لوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک بگ بیش لیگ میں حصہ نہیں لوں گا جب تک کرکٹ آسٹریلیا ایسے بچکانہ فیصلے کرنا ختم نہیں کرے گا جیسا کہ وہ پہلے واحد ٹیسٹ میچ سے دست بردار ہوگیا اور اب ون ڈے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا

مزید پڑھیں:  آیت اللہ خامنہ ای کا اسرائیل پر حملہ کرنے والے پاسداران انقلاب سے اظہار تشکر