متاثرین ضرب عضب کے لئے 36کروڑ 22لاکھ روپے جاری

ویب ڈیسک : پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے متاثرین آپریشن ضرب عضب کیلئے ماہانہ نقد مالی امداد اور راشن کی مد میں 36کروڑ 22 لاکھ روپے کے قریب فنڈز ریلیز کردیئے جو کہ آئندہ ایک دو دنوں میں حسب معمول سم کارڈ میسجنگ کے ذریعے 18ہزار کے قریب رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ متاثرین خاندانوں کو موصول ہو نا شروع ہو جا ئیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ریلیز شدہ فنڈز اس سلسلے کی101ویں قسط ہے جو شمالی وزیرستان کے آپریشن ضرب عضب کے ان متاثرین کو باقاعدگی سے ہر ماہ جاری کئے جاتے ہیں
جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے۔ مذکورہ متاثرین خاندانوں میں دس ہزار کے قریب وہ خاندان بھی ہیں جو حال ہی میں افغانستان سے براستہ غلام خان بارڈر واپس آچکے ہیں اور جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق ہرتصدیق شدہ متاثرہ خاندان کو 12 ہزار روپے بطور نقد مالی امداد جبکہ آٹھ ہزار روپے راشن کی مد میں ہر ماہ باقاعدگی سے دیئے جا رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی وزیرستان کے18 ہزار کے قریب متاثرین خاندان ایسے ہیں جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے اور جن میں سے بیشتر کا تعلق شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل سے ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی اب تک باعزت واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  فلسطین کی رکنیت کی قرار داد کو ویٹو کرنا افسوسناک ہے ،پاکستان