100سے زائدخواتین کوریپ کانشانہ بنانے والے جعلی عامل کو14سال قید

ویب ڈیسک :بھارتی ریاست ہریانہ کی مقامی عدالت نے سو سے زائد خواتین کو ریپ کا نشانہ بناکر ان کی وڈیوز بنانے والے خود ساختہ جعلی عامل کو 14 برس قید کی سزا سنادی۔ بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے فتح آباد کی مقامی عدالت نے سو سے زائد خواتین کو ریپ کا نشانہ بنا کر اور اس عمل کی ویڈیوز بنانے والے خود ساختہ جعلی عامل امر پوری المعروف جلیبی بابا کو 14 برس قید کی سزا سنادی۔
فتح آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بلونت سنگھ نے 63 سالہ امر پوری کو بچوں سے جنسی جرائم سے تحفظ دینے کے قانون کے تحت 14 سال، ضابطہ فوجداری کے تحت دو ریپ کیسز میں بالترتیب7سال اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت 5 سال قید کی سزا سنائی، تاہم جعلی عامل کو اسلحہ کیس سے بری کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جعلی عامل جلیبی بابا کسی پریشانی کی صورت میں مدد کیلئے رجوع کرنے والی خواتین کو نشہ دے کر ان کا ریپ کرکے برہنہ ویڈیوز بناتا تھا جس پر وہ متاثرہ خواتین کو بلیک میل کرتا تھا کہ اگر پیسے نہ دیے گئے تو وہ ویڈیوز جاری کردے گا۔ متاثرین کے وکیل سنجے ورما نے کہا کہ ملزم کو تمام سزائیں ایک ساتھ ہوں گی اور جعلی عامل14سال جیل میں گزارے گا۔
رپورٹ کے مطابق متعدد خواتین میں سے6متاثرہ خواتین بطور متاثرہ عدالت میں پیش ہوئیں اور عدالت نے تینوں متاثرین کے بیانات کی بنیاد پر فیصلہ سنایا۔ واضح رہے کہ ہریانہ پولیس نے2018میں ملزم امرپوری کو فتح آباد کے ٹوہانہ قصبے سے گرفتار کیا تھا اور اس کے موبائل فون سے 120 مبینہ جنسی وڈیو کلپس برآمد ہوئیں تھیں۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ خواتین اپنے مسائل کے حل کیلئے امرپوری سے رجوع کرتی تھیں کیونکہ ملزم نے تانترک کے طور پر شہرت حاصل کی تھی۔

مزید دیکھیں :   300ارب کے نئے ٹیکس،سگریٹ،مشروبات اورفضائی ٹکٹ مہنگے ہوں گے