سرکاری آٹا

خیبرپختونخوا میں سرکاری آٹاارکان اسمبلی کی سفارش پر ملے گا

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا میں سستا آٹا ایم پی ایز اور ایم این ایز کی پرچی سے مشروط کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں سیاسی نمائندوں کی جانب سے سٹیمپ بنا دئیے گئے ہیں اور فوکل پرسنز بھی مقرر کر دئیے گئے ہیں۔ متعلقہ علاقوں کے شہری آٹا خریدنے سے قبل پرچی لیں گے بصورت دیگر انہیں10کلو سرکاری آٹے کا تھیلا فروخت نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں صوبہ بھر کے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کی روشنی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز نے اپنے حلقوں میں نیبر ہوڈ کونسل اور ویلج کونسل وغیرہ کیلئے فوکل پرسن نامزد کر دئیے ہیں سفارشی رقعہ کیلئے سیاسی نمائندوں کی مہر بھی بنادی گئی ہے۔
آٹا تقسیم کیلئے فوکل پرسنز میں سے بعض پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندے اور بعض فوکل پرسنز کارکنوں میں سے نامزد کئے گئے ہیں آج سے شہریوں کو آٹا خریدنے کیلئے پرچی لینا ہوگی۔ جس پر متعلقہ اسمبلی ممبرز اور ان کے فوکل پرسنز کے ناموں کا بھی اندراج ہوگا ۔ پرچی پر لگے سٹیمپ پر مذکورہ حلقہ انتخاب کے بارے میں بھی اندراج کیا گیا ہے۔ اس سفارشی پرچی کے بغیر آٹا کی فراہمی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
اس ضمن میں پی ٹی آئی کے متعدد ایم پی ایز نے مشرق کی جانب سے رابطہ پر سرکاری آٹا کی تقسیم کے نئے فارمولا کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ سے سستا آٹا ضرورت مند لوگوں تک پہنچے گا اور تقسیم کا نظام شفاف ہوجائے گا تاہم شہریوں کی جانب سے اس فارمولا پر شدید تحفظات ظاہر کئے گئے ہیں اور ایم پی ایز یا ایم این ایز کی بجائے یہ کوٹہ براہ راست آٹا ڈیلرز کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سنی اتحاد کونسل کی پنجاب میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب