اسمبلی تحلیل کی خبریں،پولیس میں کھلبلی،افسران پوسٹنگ کیلئے سرگرم

ویب ڈیسک : صوبائی حکومت کی تحلیل کی خبروں سے محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی’ ٹرانسفر پوسٹنگ اور اور نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے چہ میگوئیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ گزشتہ شب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر طوفان مچا رہا جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے بھی اطلاعات گردش کرتیں رہیں تاہم بعد ازاں صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے واضح بیان کے بعد دیگر سرکاری محکموں کی طرح محکمہ پولیس میں بھی بے چینی پھیل گئی اور آفیسرز کی جانب سے نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے جاننے کے لیے چوری چھپے رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا
صوبائی حکومت کے قریب سمجھے جانے والے آفیسرز کوجہاں مستقبل کی فکر ستانے لگ گئی وہیں نظر انداز کئے جانے والے آفیسرز کو نگراں سیٹ اپ میں اچھی پوسٹنگ کی امید پیدا ہوئی۔
ریجنل پولیس آفیسرز اور ڈی پی اوز کے علاوہ ایس پیز’ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کی جانب سے بھی نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے تلاش کا سلسلہ شروع کردیا گیا’ ساتھ ساتھ رابطوں کا سلسلہ بھی عروج پر پہنچ گیا ہے’ اچھی پوسٹنگ سے محروم افسر اس کوشش میں ہیں کہ وہ نگراں سیٹ اپ میں خود کو بہتر جگہ پر تعینات کروا سکیں۔

مزید پڑھیں:  امریکی سینیٹ اجلاس، اسرائیل کیلئے 26 ارب ڈالر کا بل منظور