خیبر پختونخوااسمبلی تحلیل

خیبر پختونخوااسمبلی تحلیل،جمعہ کادن غوروفکرمیں گزرگیا

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملہ پر سول سیکرٹریٹ میں جمعہ کے روز کئی اہم اجلاس منعقد کئے گئے جبکہ اہم منظوریاں اور تعیناتیاں کرنے کی تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے ذرائع کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں انتظامی محکموں اور دیگر اداروں میں ترقیاتی منصوبوں، تقرریوں اور تعیناتیوں، فنڈز کی فراہمی اور پالیسی سے متعلق کئی اہم فیصلے لے لئے گئے ہیں اس ضمن میں کئی اہم اجلاس بھی منعقد ہوئے جبکہ سول سیکرٹریٹ میں دفتری کارروائی تاخیر تک جاری رہی ۔
جمعرات کی شب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھیجے جانے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی خیبر پختونخوا اسمبلی کی سمری ہفتہ کی شب بھیجے جانے کا امکان ہے جس کیلئے جمعہ کا دن آخری ورکنگ ڈے تھا صوبائی حکومت نے انتخابات میں جانے سے قبل تمام اہم اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کر دی تھیں جس کے بعد انتظامی امور سے متعلق فیصلے اٹھا لئے گئے جبکہ کئی تعیناتیاں بھی کردی گئی ہیں صوبائی حکومت نے اعلیٰ عہدوں سمیت انتظامی عہدوں پر بھی تعیناتیاں کردی ہیں کمشنرز اور سیکرٹریز سمیت کئی کلیدی امور کی انجام دہی کیلئے اقدامات بھی اٹھا لئے گئے ہیں جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے بھی اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز سے متعلق اجلاس محکمہ ترقی و منصوبہ بندی بھی تاخیر تک جاری رہے
جبکہ ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی اور اجراء کے حوالے سے بھی پالیسی فیصلے کل ہی لے لئے گئے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت آج ہفتے کے روز بھی کئی اہم اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ کے زمان پارک سے واپس آنے پر بھی صورتحال واضح ہوگی۔

مزید پڑھیں:  چمن، بارشوں میں 25 دیہاتوں کو ملانے والی شاہراہ بہہ گئی