خیبرپختونخوا سکیورٹی ہائی الرٹ

پولیس تنصیبات پر حملوں کے خدشہ پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

ویب ڈیسک :ٹی ٹی پی کی جانب سے مبینہ دھمکیوں کے بعدخیبرپختونخوامیں پولیس کی تنصیبات کی سکیورٹی سخت کرنے اور اہلکاروں کو ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹ کا استعمال لازمی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اس سلسلے میں پشاور سمیت صوبہ بھر کی پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے جس کی روشنی میں سڑکوں پر چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا گیاہے اور جگہ جگہ پر ناکے لگادئیے گئے ہیں
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں پرمسلسل حملوں نے اعلیٰ حکام کو تشویش میں مبتلا کیاہے چند روز قبل ٹی ٹی پی کی جانب سے مبینہ طورپرپولیس کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں جس کے بعد سے صوبہ میں حساس علاقوں بالخصوص پشاور کی سکیورٹی پر نظر ثانی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو چو کس رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اس ضمن میں اضافی چیک پوسٹ قائم اورپولیس کی گشت کو بڑھادیاگیاہے گاڑیوں اور موٹرسائیکل سوار افراد کی تلاشی شروع کردی گئی ہے
اور مشکوک افراد کی پکڑ دھکڑ کیلئے آپریشن تجویز کردئیے گئے ہیں ڈیوٹی کے دوران پولیس کیلئے ہیلمٹ اوربلٹ پروف جیکٹ کا استعمال لازمی ہوگااورتھانہ جات اور چوکیوں وغیرہ کی سکیورٹی بھی سخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی اس مقصد کیلئے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے بعد یونیفارم کے استعمال سے بھی منع کیا گیا ہے واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں پر حملوں کی وجہ سے محکمہ پولیس میں تشویش کی لہردوڑگئی ہے کیونکہ زیادہ ترواقعات کے بعد حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی داد رسی نہیں کی جاتی اور اکثر اوقات اہلکاروں کو بغیر کسی منصوبہ بندی کے فیلڈ میں اتارا جارہا ہے جس کے نتیجے میں پولیس کی نچلی سطح کے اہلکاروں میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔

مزید پڑھیں:  بنوں، نامعلوم مسلح افراد موٹر سائیکل لے اڑے، مزاحمت پر نوجوان زخمی