ہائیرسکینڈری سکول گلبہارمیں مسلح افرادگھس آئے،طلباء واساتذہ پر تشدد

ویب ڈیسک :پشاور کے گورنمنٹ شہید احمد الاہی ٹیکنیکل ہائیرسکینڈری سکول گلبہا رکے باہر جھگڑے کے بعد مسلح اورڈنڈابردار گینگ سکول میں داخل ہوکرہنگامہ آرائی کرتے ہوئے مارپیٹ کی جبکہ پولیس کے مبینہ تشدد سے بھی 2اساتذہ زخمی ہوگئے ہیںجن کیخلاف ڈی ای او پشاور کو تحریری خط بھیج دیا گیا۔پولیس کے مطابق مذکورہ سکول میں جھگڑاوفائرنگ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔متعلقہ سکول کے پرنسپل کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق چوکی انچارج گلبہار دیگر اہلکاروں اور مسلح افراد کے ہمراہ سکول میں آئے تاکہ طلباء اور آئوٹ سائیڈر لڑکوں میں صلح صفائی کی جاسکے جہاں سکول کے باہرکسی بات پر ان کا جھگڑا ہوگیا تھا ۔
اس دوران تین اساتذہ سے انہوں نے ملاقات کی جہاں مسلح گینگ نے کلاس رومز میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے بھی روکا۔خط کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس اہلکار ایک استاد کیساتھ بھی الجھ پڑے جو اس پورے واقعہ کی ویڈیو بنارہا تھا۔پولیس اہلکاروں پر الزام لگایا کہ موبائل لینے کے علاوہ انہوں نے دواساتذہ پرتشدد کرکے زخمی کردیا جبکہ مسلح افراد نے بھی طلبہ کو مارا پیٹا۔پرنسپل نے چوکی انچارج کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج اورانکوائری کرانے کا مطالبہ کیا۔ ادھر پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ سکول میں طلباء گروپوں میں جھگڑا ہوا جس پر ایک نے ہوائی فائرنگ بھی کی ۔ فائرنگ و جھگڑا کرنے والے حسنین ولد قیصر اور ازان ولد ذوالفقار کوگرفتارکرکے اسلحہ و ڈنڈے برآمدکرلئے گئے۔

مزید پڑھیں:  دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، چین