ایران جاسوسی الزام

جاسوسی الزام پر ایران کے سابق نائب وزیر دفاع کو پھانسی

ویب ڈیسک :ایران میں سابق نائب و زیر دفاع علی رضا اکبری کو برطانیہ کے لیے جاسوسی کرنے اور جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل میں معاونت کے الزام میں پھانسی دیدی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نائب وزیر دفاع علی رضا اکبری کو 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ برطانوی شہریت رکھتے تھے اور ان پر برطانیہ کے لیے ایران کی جاسوسی کا الزام تھا۔علی اکبر رضا اکبری پر 27 نومبر 2020 کو ایک حملے میں قتل ہونے والے بابائے ایٹم بم اور پاسداران انقلاب کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے 59 سالہ محسن فخری زادہ کی مخبری کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔برطانیہ نے جاسوسی کے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے علی رضا اکبری کی گرفتاری کو سیاسی قرار دیتے ہوئے رہائی کا مطالبہ کیا تھا تاہم سابق نائب وزیر دفاع کو بدھ کے روز پھانسی کی سزا سنادی گئی۔
بدھ کے روز ہی علی رضا اکبری کے اہل خانہ کو الوداعی ملاقات کے لیے جیل لایا گیا تھا۔ ایران نے سابق نائب وزیر دفاع کو پھانسی دینے کی تصدیق کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ انھیں کس دن پھانسی دی گئی۔برطانیہ سمیت عالمی رہنمائوں نے ایران کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔

مزید پڑھیں:  جبالیہ اور نصیرت کیمپوں پر اسرائیلی بمباری، 56 سے زائد فلسطینی شہید