پاکستان اور آسڑیلیا کی ویمنز ٹیموں کا پہلا ون ڈے میچ کل کھیلا جائیگا

بسمہ معروف کی زیرقیادت پاکستان ویمنز ٹیم پیر کو ایلن بارڈر فیلڈ، برسبین میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے تین ون ڈے میچوں کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گی۔ 18 جنوری بروز بدھ کو شیڈول دوسرا ون ڈے بھی اسی مقام پر ہے جبکہ تیسرا ون ڈے 21 جنوری بروز ہفتہ نارتھ سڈنی اوول، سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ون ڈے سیریز کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24 سے 29 جنوری تک سڈنی، ہوبارٹ اور کینبرا میں کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیا آنے سے قبل خواتین ٹیم نے لاہور اور کراچی میں اپنے پریکٹس کیمپ لگائے جہاں وہ مختلف انٹرا اسکواڈ میچز میں بھی شامل ہوئیں۔گزشتہ ہفتے برسبین پہنچنے کے بعد سے، پاکستانی ٹیم نے وسیع پریکٹس سیشنز کیے ہیں جس میں جمعہ کو ایلن بارڈر فیلڈ میں گورنر جنرل الیون کے خلاف 50 اوور کا میچ شامل ہے۔ ون ڈے سیریز سے قبل میچ ہارنے کے باوجود ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا اور ندا ڈار نے بالنگ کے شعبے میں اپنی مہارت دکھائی جب کہ بسمہ معروف نے نصف سنچری اسکور کی۔آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا سرفہرست جبکہ پاکستان نویں نمبر پر ہے۔ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022-25 میں، پاکستان اپنے چھ میں سے پانچ میچ جیتنے کے بعد ٹیبل میں ہندوستان کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ آسٹریلیا اپنا پہلا چیمپئن شپ میچ پیر کو پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔پاکستان نے گزشتہ سال جون میں کراچی میں سری لنکا کیخلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز دو ایک سے جبکہ نومبر میں آئرلینڈ کیخلاف سیریز تین صفر سے جیتی تھی، پاکستان ویمنز ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ آسڑیلیا کیخلاف بھی سری لنکا اور آئرلینڈ کیخلاف جیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے۔پاکستان اور آسڑیلیا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5-05 پر شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف