بلدیاتی انتخابات

کم ٹرن آوٹ بلدیاتی انتخابات کے غلط ہونے کا ثبوت ہے، ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کم ٹرن آوٹ نے ثابت کر دیا کہ کراچی اور حیدر آباد کے عوام نے بلدیاتی انتخابات کو درست تسلیم نہیں کیا، دونوں شہروں کے عوام نے سازش کو مسترد کردیا۔
ویب ڈیسک: ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد مرکز پر خالد مقبول صدیقی کا فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر جانبداری کا مظاہرہ کیا، اگر ایک ادارہ شفاف الیکشن نہیں کروا سکتا تو اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا آج کراچی میں دھاندلی ہار گئی اور کراچی جیت گیا، عوام نے گھر بیٹھ کر ایم کیوایم کے فیصلے پر ریفرنڈم دے دیا، کراچی اور حیدرآباد میں انتخابات سے قبل دھاندلی کو عوام نے مسترد کیا، عوام نے کراچی کے مینڈیٹ کو چرانے کی سازش کو مسترد کر دیا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کی انتخابی سیاست ایوانوں کی مرہون منت نہیں ہے، ہم عوام کے دلوں میں رہتے ہیں، ایسے بلدیاتی انتخابات کی کوٗی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، اس الیکشن کوکوئی قبول نہیں کرے گا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا جب وسیم اختر کے دور کے آخری دن تھے تو حلقہ بندیاں کی جانی چاہیے تھیں، کراچی سب کا ہے مگر کو بھی کراچی کا بننا چاہیے، کراچی کوئی لوٹ کا مال نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے رات دیر گئے آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
بلدیاتی الیکشن میں کم ٹرن آوٹ کو ایم کیو ایم قیادت اپنے موقف کے درست ہو نے کی دلیل بنا کر پیش کر رہی ہے.

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ: سرکاری و نجی عمارتوں کے باہر تجاوزات ہٹانے کا حکم