صوابی بینک لوٹنے والاسپروائزر

صوابی:گارڈکوقتل کرکے بینک لوٹنے والاسپروائزر6گھنٹے میں گرفتار

ویب ڈیسک :صوابی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران نیشنل بینک زیدہ برانچ میں ایک کروڑ سترہ لاکھ روپے کی بڑی ڈکیتی اور بینک سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کی واردات چھ گھنٹے میں بے نقاب کر کے واردات میں ملوث نیشنل بینک صوابی کے سیکیورٹی گارڈز کے سپر وائزر کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بینک سے چوری شدہ ایک کروڑ سات لاکھ روپے کے علاوہ بینک ڈی وی آر اور آلہ قتل پستول بھی بر آمد کر لیا۔ مقتول چوکیدار اور ملزم سیکیورٹی سپر وائزر دونوں کا تعلق ایک ہی گائوں پنج پیر سے ہے۔ دونوں اسی بینک میںکچھ عرصہ قبل بحیثیت سیکیورٹی گارڈ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جب کہ بعد ازاں ملزم سپر وائزر بن گیا ۔
ملزم سے پولیس نے لوٹی گئی رقم ، ڈی وی آر اور آلہ قتل پستول ان کے گھر کے بالائی منزل کے کمرے میں موجود بھوسے سے برآمد کر لی۔ اس سلسلے میں کیپٹن(ر) ڈی پی او نجم الحسنین اور ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیاض خان نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہفتہ کی علی الصبح مقامی تھانہ زیدہ پولیس کو نیشنل بینک زیدہ میں چوکیدار فضل الرحمن سکنہ پنج پیر کے قتل کی اطلاع موصول ہوئی جس پر پولیس نے جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بینک منیجر نے پولیس کو بتایا کہ اس کو صبح بینک سیکورٹی گارڈ نے بینک کا دروازہ کھلا ہونے اور سیکورٹی گارڈ فضل الرحمن کے قتل ہونے کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر سیکورٹی گارڈ کو قتل شدہ اور بینک کے اندر DVR عدم موجود پایا تا ہم سیف لاکر کے کمرے کا تالہ درست طور پر مقفل تھا اس پر کسی قسم کے توڑنے کے نشانات نہیں تھے۔
اس دوران سیف لاکر کو چابی سے کھول کر پڑتال کی گئی تو پتہ چلا کہ 1 کروڑ سترہ لاکھ چودہ ہزار 114روپے غائب ہیں۔ بینک منیجر کی رپورٹ پر پولیس نے تفتیش شروع کی ۔ پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم مخدوم ولد نادر خان سکنہ پنج پیر کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ پر ملزم مخدوم سکنہ پنج پیر نے بتایا کہ باقاعدہ منصوبہ کے تحت وہ وقوعہ کی رات بینک گیا اور سیکورٹی گارڈ سے بات چیت کرکے اندر داخل ہوا اور دوران ملزم بینک منیجر کے کمرے میں بیٹھ گیا اور سیکیورٹی گارڈ فضل الرحمن کو چائے تیار کرنے کیلئے کہا جب وہ چائے تیار کر رہا تھا تو اس نے پستول سے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ اس کے بعد ملزم نے بینک کے سیف روم کا تالہ ڈوپلیکیٹ چاپی سے کھولا اور اس میں موجود رقم اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ڈی وی آر سسٹم لے کر فرار ہو گیا ۔ گرفتار ملزم سے سرقہ شدہ رقم، ڈی وی آر اور آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹیکس کیسز میں التوا پر وزیراعظم برہم، متعلقہ افسران معطل، انکوائری کا حکم