محکمہ مال کا ریکارڈ نذر آتش

نوشہرہ ،محکمہ مال کا ریکارڈ نذر آتش، چوکیدار گرفتار

ویب ڈیسک : سیٹلمنٹ آفس نوشہرہ میں محکمہ مال کا ریکارڈ آگ لگا کر جلا دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خالد اقبال خٹک نے تحقیقات شروع کردی ہے اور ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ اینڈ ریونیو سے اعلی سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ اضا خیل پولیس نے دفتر کے چوکیدار کو حراست میں لے لیا۔ ایس او سیٹلمنٹ آفس نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ اپنے دفتر میں موجود تھا کہ پٹواری طارق رحیم نے فون کرکے بتایا کہ پیر پیا ئی میں سیٹلمنٹ آفس میں آگ لگنے سے ریکارڈ جل گیا ہے۔
آگ سے زڑہ مینہ ، بہر ام کلے، بارہ بانڈہ ، میر ہ کھنڈر، ا ضا خیل بالا ، تر لاندی، اور پیر سباق کے علاقوں کا ریکارڈ متاثر ہوا ہے۔ ڈی سی نوشہرہ خالد اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ سات موضع جات کا ریکارڈ نامعلوم افراد نے جلایا ہے۔ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے جس میں پیٹرول کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقع کے بعد چوکیدار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے تحصیل میں موجود پرانے ریکارڈ سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو کمروں میں سات موضع جات کے پٹواری اکٹھے بیٹھتے اور ان کا ریکارڈ بھی انہی دو کمروں میں تھا جنہیں آگ لگائی گئی اور کئی کمرے چھوڑ کر ایک اور کمرے میں آگ لگائی گئی لیکن آگ نہ لگ سکی۔ چوکیدار کا کہنا ہے کہ اس نے صبح ساڑھے سات بجے دفتر کو تالے لگائے اور گھر چلا گیا اور اس دوران نامعلوم افراد نے آگ لگائی اور یہ سارے کام دو گھنٹے کے اند ر اندر کیا گیا ۔ ڈ ی سی نوشہرہ نے کہا کہ نامعلوم افراد نے شیشے توڑ کر پٹرول چھڑک کر ریکارڈ کو آگ لگائی چوکیدار نے جاتے ہوئے گیٹ کو تالے نہیں لگائے اور گیٹ کھلا چھوڑ کر گھر گیا تھا ۔ یہ امکان بھی ہے کہ چوکیدار ملزموں کے ساتھ ملا تھا ۔

مزید پڑھیں:  سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور