آئی ایم ایف کا سخت رویہ طوفان کا پیش خیمہ؟

باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو دی گئی مطالبات کی فہرست میں کوئی نرمی کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے ۔وزرات خزانہ کے حکام آئی ایم ایف سے مسلسل مطالبات پر نظر ثانی کی درخواست کررہے ہیں مگر آئی ایم ایف اس کو درخوراعتنا نہیں سمجھ رہا ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈارآئی ایم ایف کو قائل کرنے کی اپنی کوششوں کو ناکام ہو گئے ہیںاور انہیں آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنے کو کہہ دیا گیا ہے ۔آئی ایم ایف کا روز بروز سخت رویہ کئی شکوک وشبہات کو جنم دے رہا ہے بالخصوص سری لنکا کے دیوالیہ ہونے کے بعد اب فوج کی تعدا د میں کمی کے دوٹوک اعلان کے بعد شکوت وشبہات کے سائے مزید دراز ہوکر رہ گئے ہیں ۔حکومتی نمائندوں نے یہ تسلیم کرنا شروع کیا ہے کہ آئی ایم ایف مہنگائی بڑھا کر بھی حکومت سے خوش نہیں ۔آئی ایم ایف نے اہداف کو پورا نہ کرنے پر ناخوشی کا اظہار بھی کرنا شروع کیا ہے ۔مہنگے تیل کی خریداری کا نتیجہ آج یہ ہے کہ عوام کاکمر مہنگائی کے نتیجے میں دوہری ہو کر رہ گئی ۔ڈیزل پٹرول کی قیمتوں کے بڑھنے کا نتیجہ زندگی کی ہر ضروری شے کی قیمت بڑھنے کی صورت میں برآمد ہوتا ہے ۔جس ملک کو اپنے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی پالیسی مرتب کرنے اس پر عمل درآمد اور اسے کامیابی سے آگے بڑھانے کی اجازت نہ ہو اس کی آزادی نمائشی ہوتی ہے۔روسی تیل کوئی آب ِشفا اور نسخۂ کیمیا نہیں مگر یہ آئی ایم ایف کے ہاتھوں بدحال ملکی معیشت کے لئے سانس لینے کا متبادل راستہ ہے ۔ اب تو یہ بات نوشتہ ٔ دیوار بن چکی ہے ۔آئی ایم ایف کی روایتی سختی کو کم کئے بغیر عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا ۔آئی ایم ایف ایک ایسا اژدھا ہے جو اپنے شکار کے گرد مضبوط حصار بنائے رکھتا ہے ۔یہ حصار اس قدر تنگ اور مضبوط ہوتا ہے کہ شکار کا دم اسی انداز سے گھٹتا چلا جاتا ہے ۔جب سے آئی ایم ایف پولیٹسائز ہو کر رہ گیا اس وقت سے تو اس کا رویہ مزید بے رحم ہو گیا ہے۔پہلے قرض دے کر تماشا دیکھتا ہے ۔اس قرض کی رقم کے شفاف استعمال پر کم ہی زور دیا جاتا ہے ۔یہی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس مڑ کر مغربی بینکوں کی زینت بن کر اور وہاں کی جائیدادوں میں گردش کر کے واپس وہیں پہنچ جاتی ہے جہاں سے چلی ہوتی ہے اور قرض ادا کرنے کے لئے عام آدمی کی رگوں کا خون مختلف رنگ
برنگے ٹیکسز کے نام پر نچوڑا جاتا ہے ۔اینا کونڈا کی گرفت ڈھیلی کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے متبادل ذرائع کی طرف رجوع ۔اب ثابت ہوا کہ اس کی بھاری قیمت ہوتی ہے ۔آئی ایم ایف کے حصار سے نکلتے ہوئے طاقتور طبقات کے پرجلنے لگتے ہیں ۔سری لنکا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ معاشی بحران کی وجہ سے وہ اگلے چند برس میں اپنی فوج میں ایک لاکھ پنتیس ہزار کی کمی لائے گا اور2030میں یہ مزید ایک لاکھ فوج کم کر دی جائے گی ۔ ظاہر ہے کہ سر ی لنکا یہ عمل کسی خوشی سے نہیں کر رہا ہوگا بلکہ حالات اور ماہ وسال اسے اس مقام پر دھکیل کر لائے ہیں۔ایک تو معاشی دیوالیہ پن نے سر ی لنکا کو اس مقام تک پہنچایا دوسراآئی ایم ایف نے سر ی لنکا کی معیشت کی بحالی کے لئے فوجی اخراجات اور تعداد میں کمی کی شرط رکھی ہوگی ۔سری لنکا کے لئے وہ بیرونی خطرات کسی طور کم نہیں ہوئے جن کی وجہ سے اس ملک نے اپنی فوج کی تعداد اور استعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا ۔یہ ملک آج بھی دو بڑی طاقتوں چین اور بھارت کے درمیان ہے اور دونوں ملک اس پر اپنا اثر رسوخ قائم کرنے کی سرتوڑ کوششیں کرتے رہے ہیں ۔یہ ملک کئی دہائیوں تک تامل علیحدگی پسندوں کی متشدد کارروائیوں کی زد میں رہا ہے اور اسی دوران بھارت اس ملک میں اپنی فوج بھی اُتار چکا ہے مگر تباہ کن حملوں کے باعث بھارتی فوج کی سری لنکا میں تادیر قدم جمانے کی خواہش پوری نہیں ہوسکی تھی اور بے نیل ومرام سری لنکا سے اپنے رخت سفر باندھنا پڑا تھا ۔چین نے اپنے نئے اُبھار کے سفر میں جن ہمسایہ ملکوں کو اپنے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا ان میں پاکستان اور سر ی لنکا شامل تھے ۔یہ ممالک چین کے ساتھ چلنے پر آمادہ بھی تھے ۔چین نے ان دونوں ملکوں
میں بندرگاہوں اور سڑکوں کے ذریعے بھاری سرمایہ کاری بھی کی ۔پاکستان میں گوادر تو سری لنکا میں ہمبن ٹوٹا کہ بندرگاہوں اس تعاون اور تعلق کی علامات تھیں ۔سری لنکا کے بدعنوان حکمرانوں کے ذریعے ایسی اپنائی گئیں جو اس ملک کو رفتہ رفتہ اقتصادی بدحالی کی طرف لے جانے کا باعث بنتی چلی گئیں ۔سری لنکا نے تامل ٹائیگرز کو آخری شکست دے کر دہشت گردی سے جان چھڑا ہی لی تھی اور توقع تھی کہ اس عفریت سے نجات حاصل کرنے کے بعد یہ ملک اب ترقی کا سفر طے کر ے گا مگر ”اُڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے ” کے مصداق سری لنکا سیاسی عدم استحکام اور اس سے بھی زیادہ معاشی بحران کا شکار ہوتا چلا گیا ۔حکمرانوں نے کوتاہ اندیشی کا مظاہرہ کرکے خاندانی سیاست اور حکومت کو فروغ دیا اور پورے پورے خاندان سرکاری خزانے سے گلچھڑے اُڑانے لگے ۔عیاشیاں ،منصوبہ بندی کا فقدان ،بدعنوانی ،خاندانوں کو قومی وسائل پر لابٹھانا ایسے اقدامات تھے جس نے سری لنکا کے معاشی بحران کو بڑھایا اور یہاں تک کہ یہ ملک اقتصادی دیوالیہ پن کا شکار ہوگیا ۔عوام سڑکوں پر نکل آئے اور حکمرانوں کے محلات کو جلانے اور ان کو گاڑیوں سمیت نہروں میں بہانے لگے ۔جس کے نتیجے میں افراتفری تو بڑھ گئی مگر سری لنکا معاشی طور پر زمین بوس ہو چکا تھا ۔آئی ایم ایف نے مدد سے ہاتھ کھینچ لیا ۔چین اور بھارت دونوں دم بخود سری لنکا کو گر ا پڑا دیکھتے رہے۔یہی وہ مقام تھا جہاں سری لنکا کو اس کھائی سے نکلنے کے لئے مجبوری او رلاچاری کے فیصلے کرنے پر مجبور ہونا پڑ ا۔جن میں فوج کی تعداد میں کمی کا اعلان بھی شامل ہے۔یہ صورت حال پاکستان کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔پاکستان اور سر ی لنکا دونوں چین کے قریب اور بھارت سے دوری رکھتے ہیں اور دونوں کی فوجی طاقت بہت سوں کو کھٹکتی رہی ہے ۔دونوں معاشی طور پر کمزور ہو چکے ہیں۔اس لئے پاکستان کو اپنے موجودہ معاشی بحران پر فوری قابو پانا ہوگا اور اگر یہ بحرا ن بڑھ گیا تو آئی ایم ایف کی زنبیل سے کئی رنگ برنگے مطالبات نکل سکتے ہیں۔جن میں فوج کی تعداد میں کمی ،ایٹمی پروگرام کا خاتمہ اور کشمیر پر بھارت کے ساتھ ایسی مفاہمت کہ جس میں کنٹرول لائن کو مستقل سرحد تسلیم کرلیا جائے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ''چائے کی پیالی کا طوفان ''