یکہ توت میں فائرنگ

یکہ توت میں فائرنگ،شہید پولیس اہلکار کی بیوہ قتل

ویب ڈیسک :پشاور کے علاقہ یکہ توت میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس رائیڈر کی بیوہ کوبھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، خاتون گھر شفٹ ہونے کی خاطر گھر سے باہر نکلی تھی جس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ تھانہ آغامیرجانی شاہ پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے 26سالہ مسماة عائشہ دختر دوا جان نے بتایا کہ اس کی 35سالہ بہن مرینہ بیوہ نیاز محمدپشاورکے علاقہ وزیرباغ میں رہائش پذیر تھی جودوسرے گھر منتقل ہورہی تھی۔ اس دوران گھر شفٹ ہونے کی خاطر وہ گھر سے نکل کرجارہی تھی کہ روندہ فداآباد کے علاقہ میں نامعلوم افرا د نے راستے میں ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
مجروحہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔ مدعیہ نے بتایا کہ انہیں بہن کے قتل کی اطلاع ایل آرایچ ہسپتال میں ملی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر نیازمحمد کومارچ 2021میں گلبہار کے علاقہ فیصل کالونی میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ موٹرسائیکل پر معمول کی گشت پر تھے ، اس دوران نامعلوم مسلح افراد کے تعاقب پر ان پر فائرنگ کی گئی تھی۔ مقتولہ بیوہ کی حیثیت سے زندگی گزاررہی تھی۔ نیازمحمد کی عمربھی اس وقت 35سے 37سال تھی جبکہ مقتولہ کی عمر بھی 35سال بتائی جاتی ہے ۔ واردات کے بعد نامعلوم مسلح افراد فرار ہوگئے جبکہ وقوعہ کے بعد پولیس افسران واہلکار نے موقع پر پہنچ کر شواہدجمع کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔

مزید پڑھیں:  انسداد دہشتگردی عدالت، بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پرسماعت ملتوی