پیرامین الحسنات

پیرامین الحسنات پی ٹی آئی میں شامل،ن لیگ میں بغاوت کادعویٰ

ویب ڈیسک : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما پیر امین الحسنات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ پیر امین الحسنات نے شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور عامر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی ودیگر رہنمائوں کا کہنا تھا پیر امین الحسنات سے قدیم روحانی رشتہ ہے، ان کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پی ٹی آئی سرگودھا میں مزید مضبوط ہو گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ امین الحسنات اور ان کا خاندان سرگودھا، راولپنڈی ڈویژن، پورے ملک اور اوورسیز پاکستانیوں میں اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا کہ پیر حسنات شاہ کی شمولیت سے سرگودھا میں پی ٹی آئی کو تقویت ملے گی
،پنجاب میں ن لیگ کا صفایا ہو چکا تھا،رہی سہی کسر بھی پوری ہو گئی ہے۔ دریںاثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے سابق سپیکر اسد قیصر نے پاکستان مسلم لیگ ن میں بڑی بغاوت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی اراکین ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان سے ٹکٹ کے معاملے پر بات چل رہی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے اندر بہت بڑی بغاوت ہے، اس دوران زیادہ نقصان خاص کر مسلم لیگ ن کو ہوا ہے، پارٹی ختم ہوگئی ہے اور پیپلزپارٹی زیادہ فائدہ اور مولانا نے حاصل کیا۔ مسلم لیگ ن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کافی لوگ ہماری پنجاب کی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ٹکٹ کا وعدہ لینا چاہتے ہیں
اس وقت ٹکٹ ڈالر کی طرح ہے اور معقول لوگوں کو دیکھیں گے۔ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد یا اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن ہم مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے انتخابات بہت جلد ہوں گے اور اپریل سے آگے نہیں جائیں گے، کوئی یقین دہانی نہیں ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم اگلے انتخابات میں دوتہائی اکثریت حاصل کریں گے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کی واپسی سے پی ٹی آئی کے ووٹ بینک پرکوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ق کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کا فیصلہ مونس الہٰی کے وطن واپس آنے کے بعد فیصلہ ہو جائے گا کیونکہ وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عسکری قیادت سے کوئی رابطہ نہیں لیکن امید ہے کہ عسکری قیادت غیرسیاسی رہے گی

مزید پڑھیں:  اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی کے جلد جیل سے باہر آنے کی نوید سنا دی