پنجاب اور پختونخوا کے انتخابات میں آر ٹی ایس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک :الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عام انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں صوبوں میں عام انتخابات، الیکشن 2018ء میں استعمال کردہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کے ذریعے کروائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آر ایم ایس کو موڈیفائی کرنے کے لیے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ بھی دے رکھا ہے، جس پر کمپنی آر ایم ایس کو موڈیفائی کر کے 2 ماہ تک الیکشن کمیشن کے حوالے کرے گی۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا موڈیفائیڈ آر ایم ایس ضمنی انتخاب میں تجربہ کیے بغیر کسی بھی الیکشن میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ صوبوں کے عام انتخابات پرانے آر ایم ایس ہی پر کروائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے قبل پرانے آر ایم ایس کی ریہرسل کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صوبوں کے الیکشن سے قبل پرانے آر ایم ایس پر ایک دن کی موک ایکسرسائز بھی کی جائے گی۔ دریںاثنا وفاقی حکومت نے عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو 18 ارب روپے کی رقم فراہم کردی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا کے انتخابات میں رقم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات سے متعلق نیا تخمینہ بھی وفاقی حکومت کو بھجوانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ 2 اسمبلیوں میں الگ انتخابات کے باعث اخراجات 10 ارب سے زائد بڑھ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور،باغبانان بازار میں شہید پولیس اہلکار فرہاد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی