عمران نے اسمبلیاں توڑکرملک کیلئے قربانی نہیں دی،آفتاب شیرپائو

ویب ڈیسک :قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ ایک شخص کی انا ضد اور خواہشات کیلئے پنچاب اور خیبر پختونخوا کے اسمبلیاں تحلیل کی گئی ہیں ۔ اسمبلیاں توڑ کر ملک و قوم کیلئے قربانی نہیں دی گئی بلکہ ملک اور معیشت کی تباہی کیلئے یہ اقدام کیا گیا۔ انتخابات کا مطالبہ کرنے والے پہلے ہی ملک و قوم کو تباہی کے دہانے پر لا چکے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے وفاق میں ساڑھے چار سالہ اور خیبر پختونخوا میں نو سالہ اقتدار کا انتخابات سے قبل احتساب ہونا چاہئے ۔
ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے اور بقا و سالمیت اور استحکام کیلئے تمام پارٹیوں کو سیاست سے بالا تر ہوکر جدوجہد کرنا چاہئے ۔ محمد زئی یونین آف جرنلسٹس سے بات چیت کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا کہ ملک کی معیشت کی تباہی کی بنیاد عمران خان نے رکھی۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم کیا اور پی ڈی ایم کے پاس عمران خان کو جمہوری طریقے سے ہٹانے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا ۔ موجودہ حکومت نے عدم اعتماد کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ کرکے بد ترین صورتحال کے با وجود حکومت حاصل کرکے ملک و قوم کیلئے قربانی دی۔
انہوںنے کہا کہ انتخابات مسائل کا حل نہیں ۔کیا عمران خان ایک بار پھر بزدار اور محمود خان جیسے نااہل افراد لائیں گے ۔ پہلے بھی دعوے کر تا تھا کہ میرے پاس دو سو ماہرین کی معاشی ٹیم ہے لیکن اقتدا ر میں آنے کے بعد کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے۔
عمران خان کے عام انتخابات کا مطالبہ غیر منطقی ہے کیونکہ عمران کو غیر جمہوری طریقے سے مسلط کیا گیا اور چار سال میں انہوںنے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی۔ موجودہ معاشی وسائل میں ملک انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا ضمنی انتخابات پر اربوں روپے خرچ کرکے تین چاہ ماہ بعد عام انتخابات کا انعقاد ممکن نظر نہیں آتا ۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ عمران خان کو ملکی معیشت اور مفادات سے کوئی سروکار نہیں اسے صرف اپنی اناعزیز ہے۔ جس طریقہ سے خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کی گئی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سلیکٹڈ تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے لیکن عمران خان اپنی طرز سیاست سے ملک میں انار کی اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں:  چینی انجینئرز کی سکیورٹی کیلئے بلٹ پروف گاڑیوں کی منظوری