پشاور، دودھ 200روپے ‘ چائے فی کلو 1200سے متجاوز

ویب ڈیسک: پشاور میں دودھ اور چائے کی قیمتیں بے قابو ہوگئی ہیں، دودھ فی کلو 200روپے جبکہ فی کلو چائے کی قیمت 1200سے بھی تجاوز کر گئی ہے ، دوسری جانب متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے شہریوں کو شدید مالی مشکلات وذہنی کوفت کا سامنا ہے ۔ گزشتہ روزگلبہار سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں دودھ کی فی کلو قیمت میں اچانک اضافہ کر دیا گیا اور جو دکاندار فی کلو دودھ 150میں فروخت کر رہے تھے انہوں نے قیمت فی کلو 200روپے کردی ہے۔
پشاور میں پہلے ہی دودھ کی مختلف قیمتیں چل رہی تھیں اور مارکیٹ میں150سے 180روپے تک قیمتیں مقرر کی گئی تھیں تاہم اب اچانک دودھ کی فی کلو قیمت میں مزید اضافہ کرکے شہریوں کیلئے مشکلات مزید بڑھا دی گئی ہیں۔یہی حال چائے کی پتی کا بھی ہے ، بڑے دکانوں میں فی کلو چائے کی پتی 1200سے 1300روپے کے درمیان چل رہی ہے۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ملک میں جنگل کا قانون ہے،عمران خان