محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ مقرر

محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ مقرر، حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک: صوبہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی مقرر کر دیئے گئے، اتوار کی شب اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا۔
لاہور میں گورنرپنجاب بلیغ الرحمٰن نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے حلف لیا۔
الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار محسن نقوی کو صوبہ پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا کے زیر صدارت اجلاس میں کمیشن کے تمام ارکان نے متفقہ طورپر انھیں وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں:  بدلے کی آگ پورے خطے کو جلا کر رکھ دے گی، انتونیو گوتریس

گذشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر میں غیر معمولی تاخیر ہوئی تھی جس کی وجہ سبکدوش ہونے والی صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان امیدواروں کے حوالے سے مسلسل محاذ آرائی تھی۔
سبکدوش وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے تھے جبکہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے محسن نقوی اور احد چیمہ کو نگران وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا تھا۔
مگر دونوں جانب سے پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں اس معاملے پر اتفاق رائے تک پہنچنے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن پاکستان کو بھیج دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کی شب جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق تفصیلی غور و خوض کے بعد محسن نقوی کو فوری طور پر نگران وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  سوات، پرائمری سکول کے تین کمرے زمین بوس، بچوں کی تعلیم متاثر