پشاور پولیس پر حملہ

پشاور،پولیس حملوں میں شدت آگئی،ایک اور موبائل پر حملہ

ویب ڈیسک:پشاور کے نواحی علاقوں میں پولیس پرعسکریت پسندوں کے حملوں میں تیزی آگئی ہے ، گزشتہ روزضلع پشاور اورخیبر کے سرحدی علاقہ شیخان سپین قبر میں پولیس کی موبائل گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایاگیا ہے تاہم حملہ میں پولیس محفوظ رہی ہے ۔اس سے قبل سربند تھانہ پر نامعلوم افراد نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا تھا جس میں ڈی ایس پی اپنے دو گن مین سمیت شہید ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق پولیس کی گاڑی کو شیخان سپین قبرگلاخان زنگل کے علاقہ میں نشانہ بنایاگیا ہے جہاں چوکی شیخان کے انچارج ناصر خان معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران سڑک کے ایک طرف پڑادھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی)زورداردھماکہ سے پھٹ گیاجس سے گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بی ڈی یو کے مطابق دھماکہ میں تقریبا 1کلوگرام بارودی مواد استعمال کیاگیاجو ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ کیاگیا ۔پولیس کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھی کرلی ہیں جبکہ متعلقہ تھانہ نے مراسلہ تیار کرکے سی ٹی ڈی پولیس کوارسال کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران سربند تھانہ پر حملہ سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں تواتر کے ساتھ پولیس کو نشانہ بنایاجارہاہے جس میں متعدد پولیس اہلکاروں نے جانوں کی قربانی دی ہے ۔

مزید پڑھیں:  شدید بارش سے124فیڈرز ٹرپ ،پشاور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر