پی ٹی آئی میں ٹکٹ

پی ٹی آئی میں ٹکٹ کیلئے رسہ کشی،الزامات اوربیانات شروع

ویب ڈیسک : تحریک انصاف میں پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے رسہ کشی شروع ہوگئی ہے۔ ہر حلقے میں متوقع امیدواروں نے ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم بھی شروع کردی ہے جبکہ پارٹی قیادت کو بھی اپنے حق میں قائل کرنے کیلئے جتن کا آغاز کر دیا ہے ۔ تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کیلئے ریجنل پارلیمانی کمیٹیاں قائم کرتے ہوئے انہیں 25جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ریجنل کمیٹیاں ہر حلقہ کیلئے تین موزوں ترین امیدواروں کے نام تجویز کریگی ڈیڈ لائن میں اب صرف دو روز باقی ہیں اور پارلیمانی کمیٹیوں نے مشاورت بھی شروع کردی ہے ہر حلقہ میں سابق رکن اسمبلی اور سابق امیدواروں سمیت پارٹی تنظیم کے ارکان اور سماجی کارکنان سمیت علاقے میں اچھی شہرت کے حامل افراد کو بھی ٹکٹ کیلئے تصور کیا جائے گا
تاہم اس جنگ نے پارٹی میں ایک واضح دراڑ کی بنیاد ڈال دی ہے مختلف حلقوں کیلئے مضبوط امیدواروں کیخلاف سوشل میڈیا مہم نے مسائل کھڑے کر دئیے ہیں یہ مہم سابق ارکان اسمبلی سمیت پارٹی تنظیم کے رہنمائوں کیخلاف بھی چلائی جا رہی ہے جس میں ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی عائد کئے جا رہے ہیں جبکہ کرپشن سمیت پارٹی چھوڑنے کا شوشہ بھی چھوڑا جا رہا ہے اسی طرح پارٹی قیادت کو رام کرنے کیلئے بھی نت نئے طریقے ڈھونڈے جا رہے ہیں اور پی ٹی آئی ٹکٹ کے حصول کیلئے نوشہرہ سمیت زمان پارک سے بھی دبائو پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم 25جنوری تین تین نام بھیجنے کی آخری تاریخ ہے جس کے بعد آگے کا فیصلہ صوبائی قیادت عمران خان سے مشاورت کے بعد کرے گی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کیلئے امیدوار نامزد کر دیئے