بڈھ بیر نوجوان قتل

بڈھ بیر میں سرپرسہراسجانے سے پہلے نوجوان قتل

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں نوجوان کو شادی سے کچھ روز قبل فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، مقتول کی 28جنوری کو شادی ہونی تھی جس کے بعد خوشیوں کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ مدعی شاہد ولد فضل سبحان سکنہ ٹیلہ بند نے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ اس کے بھائی یاسین کی شادی 28جنوری کو مقرر تھی ،اس سلسلہ میں وہ سودا سلف خریدنے کیلئے پشاور جارہے تھے جبکہ یاسین اپنے گھر سے موٹرسائیکل پر روانہ ہوا۔ کچھ دیر بعد یاسر نے گھر آکر اطلاع دی کہ آپ کے بھائی یاسین کو گڑھی محمد حسن ٹیلہ بند روڈ پر کسی نے گولی ماردی ہے جب وہ پہنچا تو بھائی خون میں لت پت پڑا تھا اسے ایل آر ایچ منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس نے مقتول کے قریبی رشتہ داروں اور اس سے رابطہ کرنے والے افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے جبکہ واقعہ کی تفتیش کیلئے تفتیشی ٹیم مقرر کرلی ہے ۔ پولیس کے مطابق وقوعہ سے قبل مقتول یاسین کی ہونے والی ساس نے فون کرکے اسے بتایا کہ وہ بھی ان کے ساتھ سودا سلف خریدنے کیلئے جائے گی۔ پولیس کے مطابق اس کی ساس مسماة ( ج ) نے اطلاع دی کہ وہ بھی ان کے ساتھ سودا لانے جائے گی جس پر یاسین اپنی ساس کی انتظار میں گھر میں رہ گیا اور کچھ دیر بعد موٹرسائیکل پر نکل گیا تھا جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ ورثاء کی جانب سے تاحال کسی پر دعویداری نہیں کی گئی ہے ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا ایران پرفضائی حملہ، اصفہان میں 3ڈرون تباہ