آئی ایم ایف کی شرائط

آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کافیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنی ساری سیاسی کمائی پاکستان کے لیے قربان کرنے کو تیار ہوں، ملک و قوم کو مشکل حالات میں تنہا چھوڑیں گے، ملک کی خاطر اشرافیہ اور اہل ثروت طبقے کو بھی قربانی دیناہوگی۔ یہ بات انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لون کی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ دور حکومت میں ہم نے پنجاب کے اپنے وسائل سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے تھے اور نوجوانوں سے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ان کے جذبے بلند ہیں
اگر انہیں وسائل مہیا کیے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہم نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے جن سے نوجوانوں نے کورونا کے دوران باعزت روزگار کمایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پانچ لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا جس میں پانچ لاکھ روپے کا قرض بلا سود ہوگا، پانچ سے 15 لاکھ روپے تک سات فیصد کی شرح سے قرض دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے وسائل اکٹھا کر کے نوجوانوں کے لیے ایک لاکھ لیپ ٹاپ کا بھی پروگرام بنایا ہے جو پورے پاکستان کے بچے اور بچیوں میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم ہوں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے لیے مشکل ترین حالات میں قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، ہم نے ریاست بچانے کے لیے سیاسی مفادات کو دائو پر لگادیا وزیراعظم نے کہا کہ ہم بڑے کٹھن مرحلے سے گزر رہے ہیں
آئی ایم ایف کو پیغام دیا ہے کہ ہم اپنا پروگرام پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم تیار ہیں اور آپ کی شرائط کو آپ کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کے بعد طے کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان آگے بڑھے کیونکہ ہمیں دائیں اور بائیں سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ اپنا پروگرام مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ دو ہفتے قبل ہم نے بجلی کی بچت کا جو اعلان کیا تھا، اس کے اوپر ایک صوبے کی حکومت ہائی کورٹ چلی گئی اور ہم نے جو رات میں دکانیں 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس پر حکم امتناع لے لیا، اسی طرح شمال میں ایک اور حکومت نے بھی ہمارے فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیری حربوں سے کام لیا تاکہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر سکیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستان کو بچانا ہے تو سیاست کو قربان کرنا ہو گا
یا سیاسی قیمت ادا کرناہو گی، میں ڈنکے کی چوٹ پر اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ مسلم لیگ ن اور ہماری مخلوط حکومت اپنی ساری سیاسی کمائی پاکستان کو بچانے کے لیے قربان کردے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے 75سال میں ہم نے جو کچھ کیا اس کے نقصانات سب کے سامنے ہیں، میری حکومت، مارشل لا حکومتوں سمیت تمام حکومتوں کے ساتھ ساتھ اس حمام میں سب ننگے ہیں، سب کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی ہو گی لیکن اب ہمیں ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا۔

مزید دیکھیں :   پشاور سمیت10اضلاع میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام میں تاخیر