خیبرپختونخوا میں پیٹرول پمپ بند

ایندھن فراہمی رک گئی،خیبرپختونخوا میں بیشتر پیٹرول پمپ بند

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا میں پیٹرول پمپس کو درکار ایندھن کی عدم فراہمی کے باعث 60فیصد سے زائد پیٹرول پمپس خشک ہوگئے ہیں جبکہ صرف تین کمپنیوں کے پمپ اس وقت صوبہ بھر میں مکمل طور پر فعال ہیں پمپس کو پیٹرول کی فراہمی نہ ہونے کی صورت میں صوبے میں پیٹرول بحران مزید سنگین صورتحال اختیار کرسکتا ہے سرحد پیٹرولیم اینڈ کارٹیج ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرول فراہم نہ کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کیلئے اوگرا کو خط لکھ دیا ۔
سرحد پیٹرولیم اینڈ کارٹیج ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عبدالماجد خان نے مشرق ٹی وی کے پروگرام سنٹر پوائنٹ میں بتایا کہ اس وقت صوبے میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)، ٹوٹل اور شیل وہ کمپنیاں ہیں جو اپنے پمپس کو باقاعدگی سے پیٹرول فراہم کررہی ہیں باقی تمام کمپنیوں نے پیٹرول کی فراہمی بند کردی ہے جس کے باعث صوبے کے 60فیصد سے زائد پمپس خشک ہوچکے ہیں اور پیٹرول کا بحران پیدا ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے یکم جنوری سے صوبہ بھر میں سی این جی سٹیشن بند کردئے ہیں جس کی وجہ سے وہ بوجھ بھی پیٹرول اٹھا رہا ہے اور پیٹرول کی کھپت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے تاہم مخصوص کمپنیوں کی جانب سے صوبے کے پیٹرول پمپس کو پیٹرول فراہم نہ کرنا مسائل بڑھنے کا باعث بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اوگرا کو اس ضمن میں خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے اور یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ پیٹرول پمپ انتظامیہ کی جانب سے رقم ادا کرنے کے باوجود انہیں جو کمپنیاں پیٹرول فراہم نہیں کرتیں ان کے خلاف ایکشن لیاجائے تاکہ صوبے کو ممکنہ پیٹرول بحران سے بچایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس آج طلب، دعوت نامے ارسال