ایف بی آر

ایف بی آر کا منی لانڈرنگ کی بڑے پیمانے پر انکوائری کا فیصلہ

ویب ڈیسک : ایف بی آر نے ملک بھر میں منی لانڈرنگ سے متعلق بڑے پیمانے پر انکوائری کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں اور اس حوالے سے 17افراد کی فہرست ایف آئی اے کو فراہم کرکے ان سے متعلق منی لانڈرنگ کے مقدمات ، ایف آئی آرز اور عدالتی فیصلوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے ذرائع کے مطابق اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز ( ایف بی آر) کی جانب سے ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختو نخوا سمیت ایف آئی اے کے دیگر زونز کو بھیجے گئے ایک مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ کسٹم اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے تحت انکوائری شروع کر رہا ہے۔
اس حوالے سے 17 افراد کی فہرست بھی ایف آئی اے کو فراہم کی گئی ہے کہ اگر ان افراد کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں تو ان کی ایف آئی آرز ، تحقیقات اور عدالتی فیصلوں سے متعلق مواد فراہم کیا جائے تاکہ اس حوالے سے انکوائری کی جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق جن افراد کی فہرست فراہم کی گئی ہے ان میں مراد علی، نہاد علی، مشرف خان، سلمان خان، بصور خان، سیف الرحمان، عماد الدین، حماد خان، نصری بادشاہ، گل زمین خان، واقف خان، نعیم اللہ ، انور علی، ہارون الرشید ، محمد وسیم اللہ اور احسان اللہ شامل ہیں جن کے شناختی کارڈ نمبر بھی ایف آئی اے کو فراہم کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  چمن، بارشوں میں 25 دیہاتوں کو ملانے والی شاہراہ بہہ گئی