دیر کالونی قتل کیس

دیرکالونی تہرے قتل کیس کے ملزم کو3بار سزائے موت

ویب ڈیسک :پشاور کی مقامی عدالت نے دیرکالونی کے مسجد میں جرگہ کے دوران امام مسجد سمیت 3افراد کے قتل مقدمہ میں نامزد ملزم کوتین بار سزائے موت اور چھ لاکھ روپے جرمانہ کی سزاء سنادی جبکہ مقدمہ میں نامزد تین دیگر ملزمان کو مقدمہ سے بری کرنے کا حکم دیدیا ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور آفتاب اقبال نے کیس کا تفصیلی فیصلہ سنادیاہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم فضل ربی سکنہ پجگی روڈ نے دو سال قبل پشاور کے علاقہ دیر کالونی میں واقع مدنی مسجد کے اندر جرگہ میں فائرنگ کردی تھی جس سے مسجد امام قاری محمد یونس ، جاوید اور عادل موقع پر جاںبحق ہوگئے تھے ۔جرگہ زمین کے تنازعے پر ہورہاتھا۔فائرنگ کے بعد علاقہ مکینوں نے ملزم کوقابو کرکے مسجد میں بند کردیا تھا ۔بعد میں تھانہ آغا میر جانی شاہ پولیس نے آکر ملزم کو گرفتار کیا اوراس کے خلاف چالان مکمل کرکے عدالت میں جمع کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور آفتاب اقبال نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے کے بعد ملزم کو تہرے قتل کی جرم میں تین بار سزائے موت اور چھ لاکھ روپے جرمانہ کی سزاء سنادی۔عدالت نے قراردیا کہ عینی شاہد نے عدالتی بیان ریکارڈ کرتے ہوئے کیس میں نامزدتین ملزمان شاہ سید ، امجد علی اور شاہ فیصل کوچارج نہیں کیااور صرف ملزم فضل ربی کو چارج کیا گیا لہذا ان تین ملزموں کومقدمہ سے بری کردیاگیا۔بری ہونے والے ملزمان مقتولین کے قریبی رشتہ دار تھے جن میں ایک ملزم شاہ سید مقتول کا بھائی ہے جبکہ دوسرے مقتولین جاوید اور عادل کے قریبی رشتہ دار بتائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  روسی نائب وزیر دفاع رشوت لینے کے الزام میں گرفتار