انتخابات کی تاریخ

الیکشن کمیشن نے گورنرز سے انتخابات کی تاریخ مانگ لی

ویب ڈیسک: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے تعین کیلئے الیکشن کمیشن نے گورنرز کو مراسلہ بھیج دیا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد صوبوں میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن متحرک ہو گیا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق تیاریاں تیز کردی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب 9سے 13 اپریل کو پولنگ کی تاریخ مقرر کریں۔ مراسلے میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو 15 سے 17 اپریل کے درمیان پولنگ کی تاریخ مقرر کرنے کا کہا گیا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گورنر اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دینےکا پابند ہے، پنجاب اسمبلی کے 90 روز 14 جنوری سے شروع ہوتے ہیں، پنجاب اسمبلی کے لیے 13 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔

عمر حمید کا مزید بتانا ہے کہ کے پی اسمبلی کے 90 روز 18 جنوری سے شروع ہوتے ہیں اور کے پی اسمبلی کے لیے 17 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔

واضح رہے پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی تھی، دونوں صوبوں میں نگران وزیاعلیٰ تعینات ہیں۔ پنجاب میں محسن نقوی اور خیبرپختونخوا میں اعظم خان کو نگران وزیراعیلٰ تعینات کیا گیا ہے۔

مزید دیکھیں :   خودکش حملہ نے پولیس کی اپنی سیکیورٹی پرسوالات اٹھادئیے