فوادچودھری کی گرفتاری

فوادچودھری کی گرفتاری سے سیاسی بھونچال

ویب ڈیسک:اسلام آبادپولیس نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے بارے میں نازیباریمارکس پر سابق وزیراطلاعات اورتحریک انصاف کے رہنمافوادچودھری کوگرفتار کرلیاجس سے ملکی سیاست میں ایک نیا بھونچال آگیا۔ فوادچودھری نے کہاتھا کہ الیکشن کمیشن کی حالت اس وقت منشی کی ہے جس پر ان کی گرفتاری لاہورسے عمل میں لائی گئی جس کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کیاگیا اورریمانڈکے لئے مقامی عدالت میں پیش کیاگیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پرفواد چوہدری نے روسٹرم پر آ کر ہتھکڑیاں کھولنے کی استدعاکی جبکہ تفتیشی افسر کی جانب سے 8 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ فواد چودھری نے کہا الیکشن کمیشن کے گھروں تک پہنچیں گے، اس کا مقصد الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت کو فروغ دینا تھا، وہ اس تقریر پر اب بھی کھڑے ہیں اور ان کی طرف سے اس کی تردید نہیں کی گئی، میں الزامات پڑھ رہا تھا تو فواد چوہدری انشاللہ، ماشااللہ کہہ رہے تھے۔فوادچودھری نے کہا کہ میرے خلاف بغاوت کی دفعہ بھی مقدمے میں شامل کردی گئی ہے، مجھے بھگت سنگھ اور نیلسن منڈیلا کی صف میں شامل کر دیا گیا ہے، آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے خلاف بھی ایسی ہی باتیں ہوتی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف تو مقدمہ بنتا ہی نہیں ہے، ایسے تو جمہوریت ختم ہو جائے گی، کوئی تنقید نہیں کر پائے گا، میں تحریک انصاف کا ترجمان ہوں، جو میں بات کروں وہ میری پارٹی کی پالیسی ہوتی ہے، ضروری نہیں کہ جو میں بات کروں وہ میرا ذاتی خیال ہو۔
عدالت نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔دوسری طرف عمران خان کی فوادچودھری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے حکومت مجھے بھی گرفتارکرناچاہتی ہے مگرمیں جیل سے نہیں ڈرتاوفاقی وزیرخواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کاعمران خان کوگرفتارکرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔تحریک انصاف نے فوادچودھری کی گرفتاری کے خلاف لاہورہائیکورٹ سے رجوع کیاتاہم عدالت نے گرفتاری کوغیرقانونی قراردینے کی استدعامستردکردی،ادھرنجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بھائی کوبھی جہلم سے گرفتارکرلیاگیا ہے جوفوادچودھری کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے ۔
علاوہ ازیںوفاقی اطلاعات مریم اورنگزیب کافواد چودھری کی گرفتاری پراپنے ردعمل میں کہناتھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاسی گرفتاریاں کرنا ہوتیں تو تحریک انصاف کی پوری صف اول کی قیادت جیل میں ہوتی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، عمران خان کے دور میں سیاسی گرفتاریاں کی گئیں، ان کے دور میں وزراء گرفتاریوں سے پہلے گرفتاریوں سے متعلق پریس کانفرنس کیا کرتے تھے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے خلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، 9ماہ سے ہم حکومت میں ہیں اور تحریک انصاف زبان درازی کر رہی ہے،عمران خان کے دور میں باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتارکیا گیا، وہ سیاسی انتقام تھا، شہباز شریف کو گرفتارکیا گیا، ان کی بیٹی کے گھر دھاوا بولا گیا۔

مزید پڑھیں:  عالمی ایک روزہ رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار