ڈالر255

کھلی چھوٹ ملنے پرڈالر255کاہوگیا

ویب ڈیسک :ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فکس ریٹ (کیپ)ہٹانے کے ایک روز بعد انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بڑی کمی آگئی ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کے روز اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 12 روپے یا 4.94 فیصد کی ریکارڈ کمی کے بعد ڈالر 255 روپے پر فروخت ہوتارہاہے۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالربدھ کے روز 230روپے 89 پیسے پر بند ہونے کے بعد روپے کی قدر میں 24روپے 11 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعدجمعرات کے روز ڈالر 255 روپے پر پہنچ گیا۔رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط تھی کہ شرح تبادلہ کومارکیٹ فورسز پر چھوڑ دیا جائے۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان ڈالر کی قدر کا فرق تقریباً ختم ہوگیاہے
جو حالیہ مہینوں میں 15 روپے تک بڑھ گیا تھا۔ اسحاق ڈارکے وزارت خزانہ سنبھالنے کے بعد سے روپے کی قدر میں جتنی بحالی ہوئی تھی وہ سب ختم ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ 24 جنوری کو ایکسچینج کمپنیوں نے ملک میں ڈالر کی کمی، بڑھتے ہوئے ریٹ اور موجودہ غیریقینی صورت حال کے سبب ڈالر کا فکس ریٹ (کیپ) ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔دوسری طرف ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی ملک بھر میں سونے کے ریٹ بھی بڑھ گئے ہیں اور پشاور کی مارکیٹ میں ایک ہی دن میں فی تولہ قیمت 8ہزار روپے بڑھ کر 2لاکھ 2ہزار روپے تولہ تک پہنچ گئی ہے۔ایک روز قبل پشاور میں فی تولہ قیمت ایک لاکھ 95ہزار روپے تھی جو ایک روز میں بڑھ کر 2لاکھ 2ہزار روپے تک پہنچ گئی۔ 24کیرٹ فی تولہ قیمت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پونڈ پاسہ بھی مہنگا ہوگیا اور پونڈ پاسہ کی قیمت ایک لاکھ 95ہزار روپے ہوگئی ہے ۔
سونے کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس وقت ایک اونس سونے کی قیمت ایک ہزار 926ڈالرز ہوگئی ہے جبکہ ایک گرام سونے کی قیمت 61ڈالرز 94سینٹ ہے۔ علاوہ ازیں وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ اگلے چندروزمیں پٹرول،بجلی اورگیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  عوام کو ہر صورت ٹیکسز دینے پڑیں گے، وفاقی وزیرخزانہ