لکی مروت دہشتگردوں کے خلاف آپریشن

لکی مروت،دہشتگردوں کے خلاف فضائی اورزمینی آپریشن شروع

ویب ڈیسک: لکی مروت میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طور پر ضلع لکی مروت کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن میں کوبرا ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ضلع لکی مروت میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بناء پر شروع کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ضلعی پولیس کے ہمراہ پولیس سٹیشن صدر، پولیس سٹیشن لکی مروت اور پولیس سٹیشن ڈڈیوالہ کی حدود میں واقع جنگل جسے مقامی زبان میں درگہ کہتے ہیں، دریائے کرم کے کنارے وانڈہ سعید خیل، احسان پور،کیچی قمر اور ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں پر آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وقفہ وقفہ سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں دور تک سنائی دے رہی ہیں اور ہیلی کاپٹر فضا میں پرواز کرتے رہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ اسی علاقے میں پولیس اور شدت پسند وں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں ایک پولیس وین راکٹ گولہ لگنے سے تباہ ہوگئی تھی۔ دریائے کرم کنارے واقع درگہ جنگل میں دہشت گردوں نے محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں جنہیں تباہ کرنے اور انہیں انجام تک پہنچانے کے لئے آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ آپریشن کیلئے ضلع بھر میں تمام موبائل نیٹ ورک بند کر دئیے گئے ہیں ۔ آخری اطلاعات تک شدت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری تھا اور اس میں آرمی کے سپیشل دستے دن بھر کی کارروائی کے بعد سرچ آپریشن میں مصروف ہیں تاہم سرکاری سطح پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں دو مکانات پر اسرائیلی بمباری، 14 بچوں سمیت 19 فلسطینی شہید