بنوں گیس پر کام بند

بنوں ڈویژن کے 3قبائل کا دریافت شدہ گیس پر کام بند رکھنے کا اعلان

ویب ڈیسک:بنوں ڈویژن کے تین قبائل احمد زئی،اْتمائزئی اور بنوچی مشران نے شمالی وزیرستان عمائدین کے جرگہ میں شرکت کی اور دریافت شدہ گیس پر کام بند رکھنے کا اعلان کردیا ، آئندہ کالائحہ عمل طے کرنے کیلئے تمام اقوام کے مشران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیرستان میں دریافت گیس کے ذخائر سے بنوں ڈویژن کو نظر انداز کرنے کیخلاف گزشتہ دو ہفتوں سے جاری احتجاج میں مزید شدت آگئی۔ اقوام احمد زئی، اتمان زئی وزیر اور بنوچی کا اس حوالے سے مشترکہ گرینڈ جرگہ آزاد منڈی ممند خیل کے مقام پرمنعقد ہوا جس میں تحصیل سپین وام کے مشران نے ملک لیاقت علی خان کی قیادت میں خصوصی شرکت کی۔
جرگہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جب تک ہمیں گیس کی سہولت اور بنوں ڈویژن میں گیس ریفائنری کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا گیس سپلائی لائن پر کسی کو کام جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ گرینڈ جرگہ سے سابق صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان، سابقہ ایم پی اے ملک پختون یار خان، تحصیل میریان کے چیئرمین پیر کمال شاہ، سابقہ امیدوار میئر بنوں ملک اقبال جدون، حلیم زادہ خان وزیر ، چیف آف ممند خیل ملک میر شمد خان، مولانا سید نسیم علی شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے حق سے دستبردار نہیں ہو سکتے اور قوم کے حقوق کے حصول کے لئے اگر گولی کھانی پڑی تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مقررین نے کہا کہ زبانی باتوں سے ہمیں ورغلایا نہیں جا سکتا اور جب تک ہمیں ٹھوس ثبوت کیساتھ تسلی نہیں دی جاتی کسی کو پائپ لائن پر کام کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
اس موقع پر سپین وام جرگہ کے مشران نے ملک لیاقت علی خان کی قیادت میں جرگہ میں شرکت کی اور گرینڈ جرگہ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر آئندہ کے معاملات کو نمٹانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس حوالے سے لائحہ عمل واضح کرے گی۔

مزید پڑھیں:  پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ، امریکی پابندیوں کا خطرہ منڈلانے لگا