الیکشن کافیصلہ غلام علی

الیکشن کافیصلہ اسٹیبلشمنٹ اورادارے کریں گے،غلام علی

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کرانے سے متعلق گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے حقیقت بیان کردی ۔ غلام علی نے کہا ہے کہ صوبے میں انتخابات تب ہونگے جب ادارے ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن فیصلہ کریںگے۔ گورنر کا کام انتخابات کرانا نہیں ہے جو خط الیکشن کمیشن نے لکھا ہے اس کا جواب آئین و قانون کے تحت دیا جائے گا۔ الیکشن کرانا حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے ۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں میڈیا کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس وقت انتخابات کے حوالے سے افواہیں پھیل رہی ہیں اس قسم کے حالات میں میرا اختیار نہیں کہ انتخابات کرانے یانہ کرانے کا کہوں۔
اس وقت ادارے اور اسٹیبلشمنٹ رپورٹ دیں گے الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ میں فیصلہ ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن ہو اس وقت ریاست بحرانوں میں گھر ی ہوئی ہے اور ضمنی الیکشن بھی انہی بحرانوں میں سے ایک ہے۔ الیکشن کمیشن کا انتخابات کرانے کی تاریخ سے متعلق مراسلہ موصول ہوا ہے اس کا آئین و قانون کے مطابق جواب دیا جائے گا۔ غلام علی نے کہا کہ اس وقت ملک امن و امان کی بد تر صورتحال کے علاوہ معاشی اور صنعتی بحران بھی ہے، ذاتی رائے ہے کہ تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہوں۔ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت کو امن و امان کی جانب توجہ دینا ہوگی ۔حاجی غلام علی نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی تربیت کیلئے 3 ماہ کا کورس کروانا چاہئے۔ وفاق خیبر پختونخوا کو رقم کی مکمل ادائیگی کرے گا لیکن پہلے یہ لوگ اپنے دور کا حساب تو دیں۔
یہ لوگ مستقبل میں ہمیشہ اپنے کئے گئے فیصلوں پچھتائیں گے، گورنر خیبر پختونخوا گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں منعقدہ کرکٹ فارپیس کے تحت پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے اشتراک سے پشاور کے صحافیوں کے لئے”میڈیا کرکٹ لیگ سپر 10 ” کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے ۔ گورنر غلام علی نے ایونٹ کی 8 ٹیموں کے کپتانوں میں کٹس تقسیم کیں اور ایونٹ ٹرافی کی رونمائی کی۔ میڈیا کرکٹ لیگ میں 150 صحافی حصہ لے رہے ہیں۔ اسلامیہ کالج کرکٹ گرائونڈ میں کھیلی جانے والی 3 روزہ کرکٹ لیگ کے ناک آئوٹ میچز کا آغاز اتوار 29 جنوری سے ہوگا جس کا فائنل 31 جنوری کو کھیلا جائے گا ۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کےمہمانوں پربری نظرڈالنےوالےہردہشتگردکاخاتمہ کرینگے،آرمی چیف