علی امین اثاثوں کی چھان بین

علی امین ریڈارپرآگئے،والدہ مرحومہ،کمسن بچوں کے اثاثوں کی چھان بین

ویب ڈیسک :قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے سابق وفاقی وزیر اعلی امین گنڈاپور کے خاندان والوں کے اثاثوں کی چھان بین شروع کردی۔ 9سال قبل انتقال کرجانے والی علی امین گنڈاپور کی والدہ کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں جبکہ ان کے کم سن بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بھی ڈپٹی کمشنر سے مانگی گئی ہیں۔ قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نیب کو شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر ڈی آئی خان میں 11افراد کے اثاثوں کی تفصیلات درکار ہیں جن میں امین اللہ خان روبینہ خانم اہلیہ امین اللہ خان عمرامین خان ، فیصل امین خان، علی امین خان، حلفہ امین خان دختر امین اللہ خان ، مناحل امین خان دختر امین اللہ خان، مہناز علی دختر علی امین خان، محمد اسلم امین خان ولد علی امین خان، عائشہ امین خان دختر علی امین خان اور عائلہ امین خان دختر علی امین خان شامل ہے۔
احتساب بیورو نے جن افراد کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی ہیں ان میں علی امین گنڈاپور کے والد، والدہ، دو بھائی، دو بہنیں، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں علی امین گنڈاپور کی والدہ کا انتقال 9سال قبل 2014میں ہوچکا ہے جبکہ علی امین کے بیٹے محمد اسلم امین خان کی عمر 10سال اور بیٹیوں کی عمر8سال ہے دونوں بیٹیاں جڑواں ہیں۔
قومی احتساب بیورو نے ان تمام افراد کی رہائشی اور کمرشل جائیدادوں سمیت زرعی اراضی اور دیگر اثاثوں کی تفصیلات طلب کی ہیں اور خصوصی طو رپر حطالہ اور کلاچی تحصیل کی تفصیل طلب کی گئی ہے جبکہ گومل زام ڈیم اور سی پیک کے مغربی روٹ پر پارک کے قریب اراضی کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ شکایات کی مکمل تصدیق کی صورت میں انکوائری اور بعد ازاں ریفرنس تیار کیا جائے گاجبکہ عدم تصدیق کے بعد یہ انکوائری ابتدائی مرحلہ پر ہی بند کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی جیل کی بجائے بیڈ روم میں سزا کاٹ رہی ہیں، عظمی بخاری