ناراض سیاسی رہنما

ناراض سیاسی رہنمائوں کا سیمینار آج پشاور میں ہو گا

ویب ڈیسک : سیاسی منظر نامے میں ہلچل پیدا کرنے کی کوشش میں مگن مفتاح اسماعیل، شاہد خاقان عباسی اور مصطفی نواز کھوکھر آج خیبر پختونخوا کی سیاسی جماعتوں کے ناراض ارکان کو ایک چھت تلے جمع کرینگے ملک کے سیاسی اور معاشی مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم خیال سیاست دانوں کو اکٹھا کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے جو اپنی اپنی سیاسی جماعتوں سے ناراض ہیں اس سلسلے میں کوئٹہ میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا اور اب پشاور کے نشتر ہال میں آج سیمینار منعقد کیا جائیگا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، لشکری رئیسانی، علی احمد کرد اور دیگر سیمینار میں شریک ہونگے اور اپنے خیالات کا اظہار کرینگے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے طول و عرض سے ڈیڑھ ہزار سے زائد مرکزی، صوبائی اور مقامی سطح کے سیاسی رہنمائوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علماء اسلام، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی سمیت ہر پارٹی کے رہنما شامل ہیں دوسری جانب پارٹیوں نے اپنے رہنمائوں کو اس سیمینار میں شامل ہونے سے روک دیا ہے اور سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اس سیمینار کا حصہ نہ بنیں جبکہ پارٹی میں اپنا دبائو پیدا کرنیوالے رہنمائوں نے اس سیمینار میں شرکت کی حامی بھر لی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد ہائیکورٹ، خطوط کے معاملے پر ججز سے تجاویز طلب