عمران خان نے جھوٹے الزام سے ہماری جان خطرے میں ڈالی، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ و پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے جھوٹے الزام سے ہماری جان خطرے میں ڈالی، قانونی جواب زیر غور ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اور میری پارٹی کو دھمکیاں دی جا چکی ہیں، دہشتگرد تنظیموں نے مجھے اور پارٹی کو دھمکیاں دیں، عمران خان نے آصف زرداری پر جھوٹے الزامات لگائے۔

مزید پڑھیں:  ججز کا خط: پاکستان بار کونسل کا تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسے بیانات سے والد، خاندان اور میرے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں، عمران خان کے الزامات سنجیدگی سے لے رہے ہیں، ان کے الزامات پر قانونی پہلو بھی دیکھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، یادگار شہدا پر حاضری

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان زرداری صاحب کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکے ہیں، عمران خان کی دہشتگردوں کی سہولت کاری تاریخ کا حصہ ہے، انہوں نے دہشتگردوں کو رہا کیا اور جمہوریت پسندوں کو گرفتار کیا۔