اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ

پٹرول مہنگا ہوتے ہی اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ویب ڈیسک: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی ذخیرہ اندوزوں اور مارکیٹ مافیا نے پہلے روز ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا اور شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ۔ گزشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 35روپے تک اضافہ کا اعلان کیا جس کے بعد پشاور کی مختلف مارکیٹس میں ذخیرہ اندوزوں اور مارکیٹ کے بڑے مگرمچھوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا ۔ گزشتہ چند روز کے دوران بڑی دکانوں میں کالی چائے کے نرخ فی کلو 1400سے بھی بڑھا دیئے گئے ہیں
اسی طرح فی کلو گھی کی قیمت 500روپے سے اوپر چلی گئی ہے جبکہ چاول اور دالوں سمیت مختلف کمپنیوں نے بھی اپنے فوڈ اور نان فوڈ پروڈکٹس مزید مہنگے کرنے کیلئے پر تولنا شروع کر دیئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق حکومتی رٹ کہیں پر بھی نظر نہیں آرہی ہے اور ادارے بھی مافیاز کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔ مارکیٹ کے بڑے مگرمچھ اورمافیاز شہریوں کو لوٹ رہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اشیائے خوردونوش کی سرکاری ریٹ کی کوئی حیثیت نہیں رہی ہے ۔ دوسری جانب تاجروں کا موقف ہے کہ بجلی و گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور ٹرانسپورٹ چارجز بڑھنے کی وجہ سے وہ ریٹ بڑھانے پر مجبور ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن جولائی تک ہوجائے گی، محمد اورنگزیب