پشاور دھماکے میں شہداء کی تعداد

پشاور دھماکے میں شہداء کی تعداد 88 ہوگئی، 55 زخمی زیر علاج

-صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے مبینہ خود کش دھماکے میں شہداء کی تعداد 88ہوگئی، 157 زخمی لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیاگیا ۔
ویب ڈیسک: ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق پشاور پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں شہداء کی تعداد 88 ہوگئی ہے جبکہ 157 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مسجد کے ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لئے آپریشن تاحال جاری ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ آپریشن کب تک مکمل ہوسکےگا، سلیبس کو ہائیڈرولک کٹر کی مدد سے احتیاط سے کاٹا جارہا ہے تا کہ اگر کوئی اندر پھنسا ہوا ہے تو اس کی جان بچائی جاسکے جب کہ سنسر ڈیوائسز لگا کر زندہ افراد کو چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس لائنز دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں نماز ظہر کے دوران خودکش حملہ کیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا۔
اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل پر بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ حملہ آور ایک، دو دن سے وہیں رہ رہا تھا،
سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز میں ہونے والا واقعہ بظاہر خودکش حملہ لگتا ہے، ہوسکتا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی پولیس لائنز میں موجود ہو، پولیس لائنز میں ایف آر پی،ایس ایس یو، سی ٹی ڈی سمیت 8 سے زائد یونٹس کے دفاتر ہیں، یہ بھی امکان ہے حملہ آور کسی سرکاری گاڑی میں بیٹھ کر آیا ہو۔

مزید پڑھیں:  بین الاقوامی قانونی حیثیت کیلئے طالبان کو وعدے پورے کرنا ہوں گے، میتھیو ملر